اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے وزیراعظم ہاوس میں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے طلب کیے جانے والے وفاقی کابینہ اجلاس کا سات نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا گیا ہے۔وفاقی کابینہ اجلاس میں اہم سیاسی و معاشی فیصلے کیے جائیں گے، ضمنی انتخابات اور دوست ممالک کے دوروں پر بھی مشاورت ہو گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب حکومت اور پی ٹی آئی فارن فنڈنگ تحقیقات پر بھی بات چیت ہو گی، سیلاب متاثرین کی بحالی اور نقصانات پر بریفنگ دی جائے گی، نیشنل یونیورسٹی آف پاکستان کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے طلب کردہ اجلاس میں عمران خان دور میں برطانیہ سے آنے والی رقم بحریہ ٹاون کو دینے کے معاملے پر بات ہو گی، رقم بحریہ ٹاو¿ن کو دینے کی تحقیقات پر کابینہ کمیٹی اپنی سفارشات بھی پیش کرے گی۔