لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ کو لندن میں ہراساں کرنے کے واقعہ پر تحریک انصاف کی مذمت ،ن لیگ کے حامی صحافیوں پر الزام ۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پی ٹی آئی نے لندن میں سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ کو ہراساں کرنے والے واقعے کی مذمت کی اور کہا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد پارٹی کی نمائندگی نہیں کرتے۔یاد رہے کہ سنیچر کی رات جسٹس اطہر من اللہ کو لندن کی گلیوں میں ہراساں اور تنگ کیے جانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ان ویڈیوز میں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ جسٹس اطہر من اللہ کو چند افراد کا ایک گروپ ایک کار میں لے گیا جبکہ دوسرے لوگ ان پر چیخ رہے تھے،ہراساں کرنے والوں نے تحریک انصاف کی حمایت اور فوج کے خلاف نعرے بازی کی ۔جسٹس اطہر من اللہ سنیچر کو لندن سکول آف اکنامکس میں ’فیوچر آف پاکستان کانفرنس‘ میں شرکت کیلئے گئے تھے۔پی ٹی آئی کے عہدیدار جہانزیب خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’یہ بات ہمارے علم میں آئی ہے کہ کچھ ایسے بدنام افراد ہیں جنھیں لندن میں ن لیگ کے ہمدرد کچھ صحافی اکثر پی ٹی آئی کے حامیوں کے نام سے پکارتے ہیں، انھوں نے الزام عائد کیا کہ وہ صحافی ’دراصل خود مسلم لیگ ن کے کچھ صحافیوں کے ساتھ تعاون کرتے ہیں،یہ صحافی جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کرتے ہیں جس میں یہ افراد شامل ہوتے ہیں، مقصد یہ ہوتا ہے کہ جب بھی پاکستان سے کوئی حکومتی اہلکار لندن کا دورہ کرے تو ہنگامہ برپا کیا جائے، ویڈیو بنانے اور پی ٹی آئی پر الزام لگانے کے لیے یہ کام کیا جاتا ہے۔ جہانزیب خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور پی ٹی آئی کے حقیقی حامیوں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج صرف پی ٹی آئی برطانیہ اور اس کی علاقائی باڈیز کی آفیشل کال کے تحت ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تھانے پر دہشتگرد حملہ ،10اہلکار جاں بحق