لاہور(سٹاف رپورٹر)ملک بھر میں عام انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے،اہم سیاسی و حکومتی رہنماوں کی جانب سے اپنے حلقہ جات میں ووٹ ڈالنے کا عمل جاری ہے،وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے لاہور کے علاقے بیگم پورہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے اور ساتھ ہی پاکستانی قوم سے بھی اپیل کر دی ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق آج 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کو چنیں گے۔ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے 5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔اکا دکا واقعات کے علاوہ ملک بھر میں پر امن ووٹنگ کا عمل جاری ہے اور اہم سیاسی و حکومتی شخصیات بھی اپنے علاقوں میں ووٹ کاسٹ کر رہی ہیں۔وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے لاہور کے علاقے بیگم پورہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے اور ساتھ ہی پاکستانی قوم سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نکلیں پاکستان کی خاطر اور ووٹ ڈالیں،ووٹ ڈالنا شرعی اسلامی ذمہ داری ہے اور ایک شہادت اور گواہی ہے،اور گواہی کو چھپانا گناہ ہے،وہ گواہ بہت اچھا ہوتا ہے،اس کے لئے بڑا اجر اور بڑی نیکی ہے جو خود جا کر گواہی دے دے،آج آپ کے پاس ایک موقع آیا ہے اچھے انتخاب کا،اپنی ذات،مصلحت اور مفاد سے بالاتر ہو کر فیصلہ کریں کہ ہم نے اپنے بہتر مستقبل اور آنے والی نسلوں کے لئے ووٹ ڈالنا ہے۔علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو حقیقی اسلامی،فلاحی ریاست بنانے کے لئے ہر فرد کو ووٹ ڈالنا ہو گا،ہمیں پاکستان کے نظام عدل کو ٹھیک کرنے کے لئے آج اپنے گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنا ہو گا اور اس شخص کو ووٹ ڈالنا ہے جو پاکستان کی سلامتی اور استحکام کو عزت دے اور ایسے شخص کو ووٹ ڈالنا ہے جو نظریہ پاکستان کو مقدم رکھے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کے لئے پیسے لینا اور دینا شرعی طور پر گناہ ہے اور قانونی طور پر بھی جرم ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2024/02/Allama-tahir-asharfi-Cast-Vote-1-940x480.jpg)