لاہور(وقائع نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیر مین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عام انتخابات کے موقع پر ملک بھرمیں موبائل فون سروس بند کیے جانے پر بڑا اعلان کر دیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ”ایکس“ اکاونٹ پر جاری کیے گئے بیان میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس فوری بحال کی جائے،اس حوالے سے اپنی پارٹی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان اور عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے موقر پع شروع ہوتے ہی ملک میں امن و امان کی صورتحال کے باعث موبائل فون سروس عارضی طور پر بند کی گئی ہے۔یاد رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے موقع پر موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے موبائل انٹرنیٹ بھی بند کردیا گیا ہے،موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی ووٹرز کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔آج صبح کے آغاز پر ہی کراچی،لاہور، پشاوراورکوئٹہ کے مختلف علاقوں سمیت ملک بھرمیں موبائل سروس متاثر ہونا شروع ہوئی۔
دوسری طرف ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن و امان قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں،اس لیے ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لائیو نیٹ ورک کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ میں خلل پڑا ہے جس کا دوسرے سب سے بڑا آپریٹر زونگ پر بہت زیادہ اثر پڑا ہے۔اس سے صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پرموبائل سروس بندش کی رپورٹس کی تصدیق ہوتی ہے۔رئیل ٹائم نیٹ ورک ڈیٹا کے مطابق موبائل نیٹ ورک بندش کے علاوہ پاکستان کے متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ بھی بند ہے۔واضح رہے کہ آج 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کو چنیں گے۔ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے 5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے لیے 6710، خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 1834، بلوچستان اسمبلی سے 1237 اور سندھ اسمبلی کے لیے 2878 امیدوار مقابلے میں ہیں۔عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔