خوف کی سیاست اب نہیں چلے گی،ملک بھر میں موبائل بندش پر جماعت اسلامی بھی میدان میں آ گئی

لاہور(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان نے ملک بھر میں موبائل بندش کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت موبائل فون سروس فورا بحال کرے جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب خوف کی سیاست نہیں چلے گی،چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں،اگر آپ نے ابھی تک ووٹ نہیں ڈالا تو فوری طور پر نکلیں،پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور بہتر مستقبل کے لیے ووٹ کا حق استعمال کریں۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے موبائل فون سروس کا بند کرنا افسوسناک ہے،حکومت نے اپنے دعووں کی خلاف ورزی کی،حکومت کے اس اقدام کی مذمت کرتا ہوں۔الیکشن کے دن موبائل فون سروس کا بند کرنا شدید شکوک و شبہات کا باعث ہے،من پسند نتائج حاصل کرنے اور دھاندلی کیلئے موبائل فون سروس کو بند کیا گیا ہے،حکومت موبائل فون سروس فورا بحال کرے۔دوسری طرف امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے آبائی حلقے میں ووٹ کا حق استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ دیر میں اپنا ووٹ استعمال کیا،انہوں نے کہا کہ چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں،اگر آپ نے ابھی تک ووٹ نہیں ڈالا تو فوری طور پر نکلیں،پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور بہتر مستقبل کے لیے ووٹ کا حق استعمال کریں،ایک مضبوط پاکستان کے لیے ووٹ دیں، قوم کی تقدیر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی چند ماہ قبل ہی شیر و شکر ہو کر حکومتی وسائل مل بانٹ کر کھا رہے تھے،ایک ہی دسترخوان پر بیٹھ کر مزے لوٹنے والے کل پھر اقتدار کے لیے ساز باز کریں گے،ان سے بچیں،جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کا نعرہ لگا کر حکومت بنانے والوں نے صرف 16 ماہ میں عوام کا دیوالیہ نکال دیا،ان کو پانچ سال مزید مل گئے تو کیا حال کریں گے؟ملک پر کئی کئی مرتبہ حکومت کرنے والے اپنا علاج سرکاری ہسپتالوں سے کرواتے ہیں نہ ان کے بچے سرکاری سکولوں میں پڑھتے ہیں،نہ انھیں غریب کے دکھ درد کا کوئی احساس ہے، 50 برسوں سے اقتدار کی باریاں لگانے والے ایک بار پھر میدان میں ہیں،ان میں سے کوئی بھی حکمران بنے تو ایک بار پھر کرپشن،لوٹ مار،اقرباپروری،مہنگائی و بے روزگاری میں اضافہ ہو گا،اب خوف کی سیاست نہیں چلے گی،اب وقت آیا ہے کہ اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں،اب اپنے بنیادی حق کو سمجھ کر اپنے حق کے لیے لڑنا ہو گا،چلنا ہو گا بڑھنا ہو گا،ٹھپہ صرف ترازو پر لگائیں،بلند بانگ نعروں،رنگین وعدوں کے جال سے بچیں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں