لاہور(سٹاف رپورٹر)ملک بھر میں عام انتخابات کے سلسلہ میں پولنگ کا عمل ہوچکا اور ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے ،دوسری طرف پنجاب کی جیلوں میں کتنے قیدیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا ؟اعداد و شمار سامنے آ گئے ہیں۔
”پاکستان ٹائم“لاہور سمیت پنجاب بھرکی جیلوں میں مقید اسیران نے عام انتخابات میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کا حق استعمال کیا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں پنجاب کی جیلوں میں مقید 60940 اسیران میں سے 2723 اسیران نے حق رائے دہی کے استعمال کیلئے درخواست دی تھی۔ترجمان جیل خانہ جات پنجاب نے میڈیا کو بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تقریباً 1500 پوسٹل موصول ہوئے تھے، جن پر 1118 اسیران نے حق رائے دہی استعمال کیا اور باقی ماندہ اسیران کے جیل سے رہا ہونے کی وجہ سے باقی ماندہ پوسٹل بیلٹ ووٹ کاسٹ نہ ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی واپس کر دئیے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا ہے کہ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنے کے عمل کو مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا اور مجوزہ طریق کار کی مکمل پاسداری کی گئی کاسٹ کیئے گئے۔ ووٹ الیکشن کمیشن کو بذریعہ ڈاک بجھوا دیئے گئے۔ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے کاسٹ ہونے والے ووٹوں کے نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا جائے گا۔پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی جانب سے ووٹ کاسٹ کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر شرپسند عناصر کی جانب سے من گھڑت اعداد و شمار شیئر کئے جارہے ہیں جو مکمل طور پر بے بنیاد حقائق کے منافی ہیں۔عوام الناس ایسے منفی عناصر کے پراپیگنڈہ کو نظر انداز اور حوصلہ شکنی کریں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2024/02/Jail-Voting-940x480.jpg)