”کبھی کبھی جہیز کا سامان بھی کام آ جاتا ہے“معروف صحافی مطیع اللہ جان کا ایسا طنز کہ آپ بھی مسکرا دیں

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)عام انتخابات 2024 میں غیرحتمی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو 125 سے زائد نشستوں پر برتری حاصل ہے ایسے میں معروف صحافی اور تحریک انصاف کے ناقد تجزیہ کار مطیع اللہ جان نے طنز کرتے ہوئے ایسی بات کہہ دی ہے کہ آپ بھی مسکرا دیں گے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ”ایکس“پر ٹویٹ کرتے ہوئے صحافی مطیع اللہ جان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کے نتائج کو دیکھ کر ویسے خیال آ رہا ہے،کون کہتا ہے کہ پارٹی سے انتخابی نشان چھینے جانے سے عوام ووٹ کے آئینی حق سے محروم ہو جاتی ہے،الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کا فیصلہ بادی النظر میں درست تھا۔انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی پارٹی کو انتخابی نشان سے محروم کرنے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑتا تو پھر ایسی سزا کا فائدہ؟اِس کی جگہ پارٹی پر پابندی اور اِسکی حمایت کے دعویدار تمام امیدواروں کے لئے جیل کی سزا مقرر ہونی چاہئے تاکہ یہ الیکشن ہی نہ لڑ سکیں بلکہ آزاد امیدواروں پر بھی الیکشن لڑنے پر پابندی لگا دینی چاہئے۔مطیع اللہ جان کا طنز کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لگتا ہے آئندہ الیکشن میں بڑی جماعتوں کے امیدوار بھی آزاد الیکشن لڑنے کو ترجیح دینگے، سیاسی جماعتوں اور انکے انتخابی نشانات کا اللہ ہی حافظ،کبھی کبھی جہیز کا سامان بھی کام آ جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں