آصف زرداری کی نواز شریف سے ملاقات ملتوی،حیران کن وجہ بھی سامنے آ گئی

لاہور(وقائع نگار خصوصی)عام انتخابات 2024کے کمیاب انعقاد کے بعد حکومت سازی کے لئے جوڑ توڑ کا عمل جاری ہے تاہم ایسے میں آج جاتی امرا رائے ونڈمیں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آسف علی زرداری کی مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف سے ہونے والی ملاقات ملتوی ہو گئی ہے اور اس کی حیران کن وجہ بھی سامنے آ گئی ہے ۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق ن لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف کی قیادت میں لیگی قائدین حکومت سازی کے لئے سرگرم ہیں،اس حوالے سے پارٹی کے مرکزی صدر شہباز شریف کی رہائش گاہ پراہم ملاقاتیں ہونے جا رہی ہیں۔ایم کیو ایم کا وفد شہباز شریف سے ملاقات کیلئے لاہور روانہ ہو گیا ہے تا ہم آصف علی زرداری سے آج لیگی قائدین کی ملاقات کا امکان نہیں ہے۔شہباز شریف کی رہائش گاہ پر سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،سینیٹر اعظم نذیر تارڑ،احد چیمہ،مریم اورنگزیب اور عطاء اللہ تارڑ موجود ہیں جہاں اسحاق ڈار آزاد امیدواروں سے کئے گئے رابطوں بارے بریفنگ دی،اعظم نذیر تارڑ نے آزاد امیدواروں کی پارٹی میں شمولیت کے متعلق قانونی امور پر بریفنگ دیتے ہوئے اہم قانونی نکات پر روشنی ڈالی۔دوسری جانب لاہور جانے والے ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی،مصطفی کمال،فاروق ستار اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اور ن لیگ کی ملاقات میں سیاسی حکمت عملی پر غور ہو گا تا ہم،مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان آج ملاقات نہیں ہو گی،آج آصف زرداری اسلام آباد جائیں گے،دونوں رہنماوں کے درمیان کل ملاقات ہونے کا امکان ہے،کل دونوں رہنماوں کے درمیان ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہو گی،دونوں رہنماوں کے درمیان حکومت سازی کے معاملات پر بھی مشاورت ہو گی۔یاد رہے کہ گذشتہ شب سابق صدر آصف زرداری کی مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات ہوئی تھی جس میں حکومت سازی پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ دونوں جماعتوں نے مل کر ساتھ چلنے پر اتفاق کیا تھا۔آصف زرداری نے کہا تھا کہ اب ہمیں حکومت سازی کے لیے معاملات کو طے کرنا چاہیے،جمہوریت میں استحکام کیلئے مل کر فارمولا طے کرنا ہو گا،ہم اپنی جماعت سے مشاورت کرتے ہیں اور آپ بھی کریں۔اس موقع پر شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف سے مشاورت کے لیے وقت مانگا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں