سیاسی جوڑ توڑ،نواز شریف کی چوہدری شجاعت سے ملاقات؟اہم خبر آ گئی

لاہور(وقائع نگار خصوصی)قومی اسمبلی کی تمام نشستوں کے نتائج آ جانے کے بعد اب سیاسی جماعتوں کے درمیان آنیاں جانیاں لگی ہوئی ہیں۔ایوان میں زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعتیں حکومت سازی کے لیے کوشاں ہیں۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے بھی جوڑ توڑ شروع کردیا ہے۔مسلم لیگ ن کی قیادت بھی رابطوں اور گفت و شنید میں مصروف ہے۔لاہور میں سینیر سیاست دان چودھری شجاعت حسین کا گھر بھی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔آج سہ پہر مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی چودھری شجاعت حسین سے ان کے گھر پر ملاقات متوقع ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق ن لیگی قائد میاں نواز شریف چوہدری ظہور الٰہی روڈ گلبرگ میں واقع ق لیگ کے سربراہ کی رہائش گاہ پر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کریں گے،اس ملاقات میں دونوں پارٹی سربراہ وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ذرائع کے مطابق حکومت سازی کے حوالے سے یہ ابتدائی نوعیت کا رابطہ ہوگا۔ اس ملاقات میں چند بنیادی باتوں پر اتفاقِ رائے کی صورت میں مزید رابطوں کی راہ ہموار ہو گی۔اس وقت کوئی بھی بڑی پارٹی حکومت سازی کے حوالے سے کسی کو حتمی طور پر کوئی واضح یقین دہانی کرانے کی پوزیشن میں نہیں۔یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت سے آج ہی ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ یہ ملاقات رائے ونڈ میں ہوئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی جبکہ وفد میں سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار اور کامران خان ٹیسوری بھی شامل تھے۔سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے کام ہونے والے بھی متحد ہوکر حکومت سازی کی کوششوں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔آزاد امیدوار اگر مختلف گروپ بناکر مذاکرات کریں تب بھی اپنی بات منوانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں