ن لیگ نے پنجاب کی پگ اپنے سر سجانے کا ہدف حاصل کر لیا

لاہور(رحمان چوہدری سے)مسلم لیگ ن نے پنجاب میں حکومت بنانے کا ہدف حاصل کر لیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ن لیگ کے 22 آزاد ارکان میں 80 فیصد کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں جبکہ ن لیگ کو پیپلز پارٹی کے 10 ووٹ بھی مل سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)کی حمایت سے جیتے ہوئے ارکان سے بھی ن لیگ نے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔منتخب ارکان کے تناسب سے خواتین اور اقلیت کی سیٹ بھی شامل ہوگی۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کی 371 سیٹوں میں سے حکومت بنانے کے لیے 186 ووٹ چاہئیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں پر ”نقب“ لگانے کے لئے مسلم لیگ ن نے پارٹی کے اہم رہنماوں کو گذشتہ روز ہی ٹاسک سونپ دیا تھا جس کے بعد ن لیگی ٹیم نے چاروں جانب پھیلے آزاد امیدواروں سے رابطے شروع کر دیئے تھے۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق ن لیگی ٹیم کو حیران کن طور پر بڑی کامیابی مل گئی ہے اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 40 سے 50 اراکین قومی اسمبلی سے ”ڈیل“کامیاب ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے اور ایک سے دو روز میں یہ اراکین باضابطہ طور پر مسلم لیگ ن میں شامل ہو جائیں گے۔ذرائع کے مطابق ”مقتدر حلقے “اور ”طاقتور خفیہ ہاتھ“ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں اور وہ انہیں اس”ڈیل“کو کامیاب کروانے کے لئے ہر ممکنہ مدد فراہم کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ 8 فروری کو پنجاب اسمبلی کی 296 نشستوں پر انتخابات ہوئے تھے۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ نے 137،پی ٹی آئی حمایت یافتہ 116 اور آزاد امیدوار 22 نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں