آزاد امیدوار حکومت بنا سکتے ہیں تو شوق سے بنائیں،نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے،شہباز شریف کا پھر دعویٰ

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)سپانسرڈ آزاد امیدوار حکومت بنا سکتے ہیں تو شوق سے بنائیں،ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے،اب بھی اس موقف پر قائم ہوں کہ نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے،صدر علوی پی ٹی آئی اراکین کو حکومت بنانے کی دعوت نہیں دے سکتے بلکہ وزیراعظم کا فیصلہ ایوان نے کرنا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین ایوان میں اکثریت ثابت کرسکیں تو شوق سے حکومت بنا لیں،ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے،اگر نہیں بنائیں تو ہم اپنا آئینی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر دھاندلی سمیت طرح طرح کے الزامات لگائے گئے، 35 پنکچرز کا الزام لگا کر اس کی آڑ میں دھرنے،پارلیمنٹ پر حملہ اور کوریج روکنے کا ڈرامہ پوری قوم کے سامنے ہے ،2018 کا منظرنامہ سب کو یاد ہو گا، 66 گھنٹوں بعد زرلٹ آنا شروع ہوئے تھے اور تاریخ میں پہلی بار شہری نتیجے تاخیر او دیہی نتائج فی الفور آئے،خواجہ سعد رفیق کے رزلٹ کو روکا گیا، 2018 میں کراچی کے میرے حلقے میں بدترین دھاندلی کی گئی لیکن ہم نے اس کے بعد کوئی جلاو گھیراو نہیں کیا،کون سا الیکشن ہے جس میں دھاندلی نہیں کی گئی؟حالیہ انتخابات پر چیف الیکشن کمشنر کو مبارکباد دیتا ہوں،پولنگ والی رات 10 سے 12 فیصد رزلٹ آنے پر شور مچایا گیا کہ آزاد امیدوار جیت رہے ہیں اور سیاسی جماعتیں ہار رہی ہیں،اگر ہم جیت رہے ہوں تو دھاندلی ہو گئی اور اگر ان کے امیدوار جیتے تو وہ کوئی اور بات ہے،ہمارے ہارنے والے امیدواروں نے کھلے دل سے شکست کو تسلیم کیا، دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں حالانکہ ان کے اپنے امیدوار بھی جیتے ہیں،الیکشن کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ ن سب سے بڑی پارٹی ہے،اس کے بعد پیپلز پارٹی اور پھر درجہ بدرجہ دوسری پارٹیاں،تقریباً سارے نتائج ہی آ چکے ہیں اور اب اس کے آگے کا مرحلہ شروع ہونا چاہیے،پنجاب میں ہمیں اکثریت حاصل ہے،آزاد اراکین ملانے کے بعد قومی اسمبلی میں ہماری کل تعداد 80 تک پہنچ گئی ہے،نئی حکومت کو کسی تاخیر کے بغیر آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہو گا،ملک کی موجودہ معاشی صورتحال میں آئی ایم ایف سے معاہدہ بہت ضروری ہے۔شہباز شریف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ اب بھی اس موقف پر قائم ہیں کہ نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں