نیو یارک(فارن ڈیسک)پاکستان میں الیکشن تنازعات پراقوام متحدہ کا ردعمل بھی آگیا اوراقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے پاکستان میں حکام اور سیاسی رہنمائوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات کے بعد کی صورتحال کو جلد از جلد پر امن انداز اور قانونی طریقوں سے حل کریں۔ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں پریس بریفنگ کے دوران سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے پاکستان میں جنرل الیکشن کے بعد دھاندلیوں کے الزامات اور آزادی اظہارِ رائے کے حوالے سے پوچھے گئے سوالوں کے جوابات میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس پاکستان میں الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر حکام پر ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنے پر زور دیتے ہیں جو تنائو کو بڑھا یا بھڑکا سکتے ہیں،پاکستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور تشدد کو مسترد کرنے کی اپیل کی ہے۔
