لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن نے بڑا کھڑاک کرتے ہوئے تحریک انصاف کو صوبے میں ٹف ٹائم دینے کے لئے گورنر پنجاب بنانے پر غور شروع کردیا ہے ،ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ن لیگی رہنماوں کا پارٹی قیادت اور مریم نواز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا علاج ”حکیم ثناء اللہ“ہی کر سکتے ہیں،انہیں پنجاب میں بڑی آئینی ذمہ داری دے کر تحریک انصاف کو ”نتھ“ ڈالی جا سکتی ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق حکومت سازی کے بعد گورنرز کی تقرری کا معاملہ،مسلم لیگ ن نے پنجاب میں سخت گیر گورنر لانے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کے لئے رانا ثنا اللہ کا نام زیر غور ہے،رانا ثنا اللہ کو ضمنی الیکشن نہ لڑوایا گیا تو گورنر پنجاب کے منصب پر لایا جائے گا،اس منصب پر لانے کا مقصد حکومتی امور میں مریم نواز کی سپورٹ کرنا ہو گا۔لیگی رہنماوں کی رائے ہے کہ بلیغ الرحمن نرم مزاج ہونے کے باعث آئندہ سیٹ اپ کےلئے موزوں نہیں،پنجاب میں تحریک انصاف اور دیگر جماعتیں حکومت کو ٹف ٹائم دے سکتی ہیں۔لیگی رہنماوں نے قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ گورنر ہاوس میں پارٹی کے سینئر اور تجربہ کار شخص کو بطور گورنر پنجاب تعینات کیا جائے،کوشش کی جائے کہ وفاق میں اتحاد کی بنیاد پر کسی اتحادی جماعت کو گورنر پنجاب کا عہدہ نہ دیا جائے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2024/02/Rana-Sanaullah-Governor-Punjab-940x480.jpg)