کراچی(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ بنیں گے،اویس قادر شاہ سپیکر اور نوید انتھونی ڈپٹی سپیکرسندھ اسمبلی ہوں گے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک بار پھر پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا سندھ کے عوام کے شکر گزار ہیں، سندھ کے عوام نے نہ صرف کامیاب کرایا بلکہ ماضی سے بہتر نتائج دیے، الیکشن میں پیپلزپارٹی کی نظریں صرف عوام پر ہوتی ہیں، سندھ کے عوام کی توقعات بھی بڑھ گئی ہیں، ہم نے ماضی سے بہتر پر فارم اور ڈیلیور کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کا انتخاب ہوگا، غیرمسلم نوید انتھونی ڈپٹی سپیکرسندھ اسمبلی ہوں گے، اویس قادر شاہ سپیکر سندھ اسمبلی ہوں گے، مراد علی شاہ ایک بار پھر وزیراعلیٰ سندھ کے امیدوار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نئی سیاست اور نئی خدمات کا آغاز ہوگا، امید ہے آپ کا مقابلہ ماضی کی کارکردگی اور دیگر صوبوں سے ہوگا، آغا سراج درانی نے اچھے سے سپیکر کا کردار ادا کیا اب نوجوان قیادت سنبھالے گی، ہم نے اب اپنی ہی کارکردگی کو پیچھے چھوڑ کر بہترین کام کرنا ہے، مراد علی شاہ تیزی سے سیلاب متاثرین کے گھروں کو مکمل کرائیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2024/02/Bilawal-Bhutto-Zardari-says-Next-CM-Sindh-Murad-Ali-Shah-940x480.jpg)