Rehman Malik's death anniversary observed

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی دوسری برسی خاموشی سے گذر آ گئی،پیپلز پارٹی کے کسی رہنما نے تقریب میں شرکت نہیں کی

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کی دوسری برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی تاہم حکومت سازی میں مشغول ان کی پارٹی کے کسی رہنما نے ان کی رہائش گاہ پر ہونے والی تقریب میں شرکت نہیں کی۔
سابق وزیر داخلہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر اے رحمان ملک کی دوسری برسی جمعہ کو رحمان ملک ہاوس اسلام آباد میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے قرآن پاک کی تلاوت اور نعت خوانی کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔انہوں نے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا اور مرحوم رحمان ملک کے ملک اور اس کے عوام کے لیے ان کی بے مثال خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔انتہائی حیران کن امر یہ ہے کہ رحمان ملک کی دوسری برسی کی تقریب میں پیپلز پارٹی کے کسی مرکزی یا صوبائی رہنما تو درکنار کسی مقامی رہنما نے بھی شرکت نہیں کی۔یاد رہے کہ مرحوم رحمان ملک کی اسلام آباد واقع رہائش گاہ پیپلز پارٹی کی تقریبات اور اجلاسوں کا گڑھ تصور کی جاتی تھیں۔مرحوم سینیٹر اے رحمان ملک ایک تجربہ کار سیاستدان اور ریٹائرڈ سینئر بیورو کریٹ تھے جن کا 23 فروری 2022 کو اسلام آباد میں انتقال ہو گیا تھا۔انہوں نے 1973 میں جامعہ کراچی سے شماریات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی اور 2012 میں اسی یونیورسٹی نے انہیں اعزازی پی ایچ ڈی سے نوازا۔اپنے پورے کیرئیر کے دوران،وہ 2008 سے 2013 تک پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سمیت مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے۔انہوں نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں،قانون سازی اور ملک کے سیاسی معاملات میں اہم کردار ادا کیا۔سینیٹر رحمان ملک کو ان کی غیر معمولی اور بے مثال خدمات پر ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔دوسری برسی کی تقریب کے موقع پر ان کے بیٹے علی رحمان ملک نے کہا کہ وہ اور ان کے بھائی عمر رحمان ملک اپنے والد مرحوم کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پر عزم ہیں جو ملک،اس کے عوام اور خاص طور پر معاشرے کے کمزور طبقات کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اپنے مرحوم والد کی مثالی زندگی کو اپناتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں گے۔عمر رحمان ملک نے کہا کہ ان کے والد کی کمی ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت سے محسوس ہوتی ہے لیکن پاکستان اور اس کے عوام کے لئے ان کی خدمات ان کے لئے میراث ہے جو ہر لمحہ ان کی رہنمائی کرتا رہے گا۔انہوں نے درخواست کی ہے کہ سب ان کے والد کے لیے سورہ فاتحہ کی تلاوت کریں اور اللہ تعالیٰ سے ان کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں