لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ ادارے بیچ کر عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)کا قرضہ اتارنا چاہیے،حکومت سنبھالنے کے بعد عوام کو ڈیلیور کرنا ہو گا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق پنجاب اسمبلی کے احاطے میں مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شافع حسین نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی باہر رہنے والے ممبران کو اندر آنے کی اجازت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی وزارت ہو اس کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا،ملک میں مخدوش معاشی صورتحال ہے،اب عوام کو ڈیلیور کرنا ہو گا۔شافع حسین کا کہنا تھا کہ نجکاری کا عمل تیز ہونا چاہیے اور ادارے بیچ کر آئی ایم ایف کا قرضہ اتارنا چاہیے،مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کرنا ہوں گی۔یاد رہے کہ ن لیگ ن نے وزارت اعلیٰ کے لیے مریم نواز کو نامزد کیا ہے جبکہ سپیکر کے لیے ممبر صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان اور ظہیر اقبال چنڑ کو ڈپٹی سپیکر نامزد کیا گیا ہے،دونوں عہدوں پر انتخاب کل (ہفتے کے روز) عمل میں لایا جائے گا۔آج اسمبلی میں موجود نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2024/02/h-Shafi-Hussain-Says-940x480.jpg)