یہ ڈیلی ویجز کی حکومت بن جائے گی، شاہد خاقان عباسی

یہ ڈیلی ویجز کی حکومت بن جائے گی، شاہد خاقان عباسی

مری (وقائع نگار)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ یہ ڈیلی ویجز کی حکومت بن جائے گی ، جب پیپلز پارٹی کو بات پسند نہ آئی تو حکومت کی چھٹی ہو جائے گی۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق ہم نیوز کےپروگرام نیوز لائن ، ڈاکٹر ماریہ کیساتھ”میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ الیکشن سے پہلے آگے کے راستہ کا تعین نہیں کریں گے تو مزید انتشار پھیلے گا، ہم نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا کہ الیکشن میں خرابیاں کیسے دور کرنی ہیں ، یہ حکومتیں ایک دن رہے یا 5سال اس سے فرق نہیں پڑے گا بلکہ ان حکومتوں کے لیے پرفارم کرنابہت مشکل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جو الیکشن لڑتے ہیں انہیں پتہ ہوتا ہے کہ وہ جیتے یا ہارے ، جو لوگ اسمبلیوں میں بیٹھے ہوتے ہیں انہیں ہر چیز کا پتہ ہوتا ہے ، جو لوگ جیتے بغیر اسمبلیوں میں بیٹھیں گے وہ کام نہیں کر پائیں گے ، اور جو لوگ الیکشن درست نہیں کرا سکتے اس ملک کا نظام بھی نہیں چل سکتا۔آپ کے انتخابات متنازعہ ہو گئے ہیں لوگ قبول نہیں کر رہے ، جو الیکشن ملک کو استحکام دیتے ہیں وہ آج انتشار کی وجہ بنے ہوئے ہیں ، ملک میں بڑے عجیب سے حالات ہیں شائد ہمیں اس کا اندازہ نہیں ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتہ کہ نواز شریف نے وکٹری اسپیچ کیوں کی ، اگر میں وہاں ہوتا تو میں ضرور مشورہ دیتا کہ وہ یہ اسپیچ نہ کریں ،اب ہم سب دعا ہی کر سکتے ہیں کہ جو حکومت آئےوہ ڈیلیور کر سکے۔اس حکومت کو پی ڈی ایم کی حکومت نہیں کہہ سکتے کیونکہ اس کا سربراہ ساتھ نہیں ہے ، میرا یہ سوال ہے کہ پچھلے چھ ماہ میں کونسی تربیت ہوئی جو اب یہ ڈیلیور کر سکیں گے۔انکا مزید کہنا تھا کہ یہ ڈیلی ویجز کی حکومت بن جائے گی ، کیونکہ جب پیپلز پارٹی کو کوئی بات پسند نہیں آئے گی تو حکومت کی چھٹی ہو جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں