marium speech

ظلم و بربریت کا استقامت سے سامنا کیا،کسی سے انتقام کا جذبہ نہیں رکھتی،مریم نواز

لاہور(رحمان چوہدری سے)نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے لیے میرے دل اور چیمبر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں،سب کے ساتھ مل کر ٹیم کی طرح کام کرنا چاہتی ہوں،مجھے ظلم اور انتقام کا نشانہ بنانے والوں کی شکر گزار ہوں،امتحانات اور قید تنہائی سے گزر کر یہاں پہنچی ہوں،اپوزیشن ارکان کا ایوان میں موجود نہ ہونا افسوسناک ہے،مشکلات کے باوجود ہم نے میدان خالی نہیں چھوڑا،میں سب کی وزیر اعلیٰ ہوں،میرے دل میں انتقام اور بدلے کا کوئی جذبہ نہیں،وزیر اعلیٰ بننے کے عمل میں حمایت کرنے والوں کی شکر گزار ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : صدر مملکت کا دستخط سے انکار،قومی اسمبلی کا اجلاس بھی لٹک گیا
”پاکستان ٹائم“کے مطابق پنجاب اسمبلی سے پہلا خطاب کرتے ہوئے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا سر جھکا کر عاجزی سے شکر ادا کرتی ہوں،قدرت کے نظام میں انسان کو مشکلات سے گزارنا اور پھر اس کو عزت سے نوازنا ہوتا ہے،میں سر جھکا کر شکر ادا کرتی ہوں۔انہوں نے اپوزیشن کے بائیکاٹ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواہش تھی اپوزیشن اراکین بھی یہاں ہوتے،ہم پر بھی مشکل وقت آئے جب پر چیز ہمارے خلاف تھی لیکن ہم نے بطور جماعت میدان خالی نہیں چھوڑا،اپوزیشن میری تقریر کے دوران موجود ہوتی،شور شرابہ کرتی تو مجھے خوشی ہوتی،پیغام دوں گی کہ میں ووٹ دینے والوں کی بھی وزیر اعلیٰ اور ان کی بھی وزیر اعلیٰ ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ نہیں دیا،میرے دفتر اور دل کے دروازے 24 گھنٹے اپنی جماعت کی طرح ان کے لیے بھی کھلے ہیں۔مریم نواز نے ن لیگی قیادت اور تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ،آئی پی پی،ق لیگ اور ضیاء لیگ کے ایک،ایک رکن کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے ہمیں ووٹ دیا،جتنی ن لیگ کی وزیر اعلیٰ ہوں اتنی ان کی بھی ہوں،میرا یہاں موجود ہونا ہر سیاسی کارکن کی خدمات کا اعتراف اور اس کے لیے ایک شاباش ہے،میرا یہ تاریخی اعزاز پاکستان کی ہر ماں،بیٹی اوربہن کا اعزاز ہے کہ آج پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ یہاں کھڑی ہے،دعا کرتی ہوں کہ یہ سلسلہ آگے بڑھے اور کل کو کوئی اور خاتون میری جگہ لے۔نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میرے دل میں کسی کے لیے انتقام یا بدلے کا جذبہ نہیں،مجھے ظلم اور انتقام کا نشانہ بنانے والے مخالفین کی شکر گزار ہوں،انہوں نے مجھ پر احسان کیا اور ایسی ٹریننگ سے گزارا جس کا کوئی نعم البدل نہیں،آج جہاں کھڑی ہوں اس میں اس پورے عمل کا گہرا عمل دخل ہے اس لیے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں،آج ایک تاریخ بن رہی ہے جو ہرخاتون کی فتح ہے۔سپیکر اور ڈپٹی سپیکرکو مبارکباد دیتے ہوئے مریم نواز نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ایوان جمہوریت کے پرچم کو سربلند رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں