لاہور(رحمان چوہدری سے )نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس میں ہوئی،گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے مریم نواز سے وزیر اعلیٰ کا حلف لیا۔اس موقع پر نامزد وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف بھی موجود تھے۔مسلم لیگ ن کے سنئیر رہنما اور سابق وفاقی وزرا بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے تاہم اس سارے عمل میں نومنتخب وزیراعلیٰ کے شوہر کیپٹن(ر)صفدر پنجاب اسمبلی اور گورنرع ہاوس میں ہونے والی تقریب سے غائب نظر آئے جس پر کئی اراکین اور صحافیوں کی جانب سے سرگوشیاں سنائی دیتی رہیں۔گورنر ہاوس میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب کے موقع پر نامزد وزیر اعظم شہباز شریف نے مریم نواز کو وزیر اعلی پنجاب کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید کرتا ہوں مریم نواز بطور وزیر اعلی عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کیلئے دن رات ایک کر دیں گی،صوبے کی ترقی،گڈ گورننس اور عوامی خدمت کا منشور لیکر مریم نواز میدان میں اتری ہیں،وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت صوبے کی ترقی کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں گی۔میاں نواز شریف نے نو منتخب وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس سے قبل سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں مریم نواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب کر لیا گیا۔وزارت اعلیٰ کے لئے مریم نواز اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب مد مقابل تھے۔مریم نواز 220 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں جبکہ ان کے حریف رانا آفتاب کوئی ووٹ حاصل نہ کرسکے۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے بعد نومنتخب وزیر اعلیٰ حلف اٹھانے کے لئے گورنر ہاوس پہنچیں اور جہاں انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2024/02/Maryam-Nawaz-CM-Outh-940x480.jpg)