عمران خان نے بڑی دھمکی دیتے ہوئے ایک بارپھر حکومت کو خبردار کردیا

بہاولپور(وقائع نگار خصوصی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کان کھول کر سن لو، ایک کال دی تو اسلام آباد میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، میری کمر دیوار کے ساتھ لگائی تو میں ٹائیگر بن سکتا ہوں، ضمیر فروشوں اور لوٹوں کے دن ختم ہوچکے ہیں،صدقے جاوں، مریم نواز کو احساس پروگرام میں ڈال دیتا ہوں، مریم بیچاری کے پاس جائیداد نہیں، دو وقت کا کھانا نہیں کھا سکتی،ملک پر سازش سے تھری سٹوجز مسلط کیے گئے، چوروں نے معیشت کو تباہ کر دیا، مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آئے گا۔
بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ساری دنیا کے لیڈر میرے نبیﷺ ہیں،نہ ان سے بڑا کوئی لیڈر آسکا ہے نہ کبھی آئے گا، ہماری قوم ایک زندہ قوم بن چکی ہے جو ایک عظیم قوم بننے جا رہی ہے،بہاولپور میں ایک بہت بڑی مونچھوں والا لوٹا ہے،آپ نے اس لوٹے کو کسی صورت جیتنے نہیں دینا، ضمیر فروشوں اور لوٹوں کے دن ختم ہوچکے ہیں،قائداعظم کو ان کے مخالفین بھی کہتے تھے یہ صادق اور امین ہیں،قائداعظم نے کہا تھا انگریز کی غلامی کے بعد ہندووں کی غلامی نہیں کریں گے، اب بھارت میں دیکھ لیں مسلمان کس طرح زندگی گزار رہے ہیں؟
پی ٹی آئی چیئرمین نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آپ سمجھ رہے ہیں کہ ہم گھبرا کر پیچھے ہٹ جائیں گے،چار مہینے ہر قسم کا ظلم برداشت کیا،میرے خلاف دہشت گردی کا کیس بنا دیا گیا،دیوار کے ساتھ لگایا تو میں ٹائیگر بن سکتا ہوں،ایک کال دوں گا اسلام آباد میں تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور وہ کال بھی بہت قریب ہے، ابھی بھی وقت ہے الیکشن کراو، اپنے آپ کو بھی بچاو اور ملک کو بھی بچاو۔
عمران خان نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان 30 سال سے پاکستان کا پیسہ چوری کر رہے ہیں،شہباز شریف کہتا ہے ساری قوم محنت کرےگی،قوم تو محنت کر رہی ہے تم لوگ پیسہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہو،مریم نواز کہتی ہے لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، صدقے جاوں، مریم نواز کو احساس پروگرام میں ڈال دیتا ہوں،مریم بیچاری کے پاس جائیداد نہیں،دو وقت کا کھانا نہیں کھا سکتی،مریم کے صحت مند بھائی کہتے ہیں الحمدللہ جائیدادیں ہماری ہیں،پاناما کے بعد معلوم ہوا لندن میں اربوں کے فلیٹس اور چار بڑے محلات مریم کے نام پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں عوام کو حقیقی آزادی کی تحریک کے لئے تیار کر رہا ہوں،جب حکمران قوم کا پیسہ چوری کرتے ہیں تو ملک تباہ ہو جاتے ہیں،اسی لئے ہم سب نے مل کر ان چوروں سے آزادی حاصل کرنی ہے،ہم نے اپنے دور میں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا،ہم نے پیٹرول کی قیمت 150 روپے پر رکھی،عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا ہوگیا لیکن یہاں 236 روپے لیٹر ہے،آج جو مہنگائی ہے تاریخ میں کبھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی،بجلی کے بل جتنے آئے ہیں،تاریخ میں کبھی اتنے بل نہیں آئے،معیشت ان سے نہیں سنبھالی جارہی،انڈسٹریاں بند ہو رہی ہیں،ٹیکس کلیکشن کم ہو رہی ہے،معیشت سکڑتی جارہی ہے اور قرضے بڑھتے جا رہے ہیں،در اصل یہ پاکستان کو اندھیرے کی طرف لے جا رہے ہیں،اب صرف ایک ہی طریقہ ہے پاکستان میں شفاف الیکشن کرائے جائیں کیونکہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا اور جب تک یہ لوگ ہیں معیشت مزید تیزی سے نیچے جائے گی،چوروں کا ٹولہ ہمیں دلدل میں لےکر جا رہا ہے،اوورسیز پاکستانیوں سے ہم نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرانی ہے اور ان کی سرمایہ کاری سے ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں