عمران نیازی سیاسی پستی کے عروج پر ہیں،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی اپنی سیاسی پستی کے عروج پر ہے،فتنہ خان پاکستان کی سلامتی کے لیے مستقل خطرہ ہے، ایسے فتنے کو قوم مسترد کر چکی ہے۔

عمران خان کی چشتیاں جلسے میں کی گئی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران نیازی صبح ایک بیان دیتے ہیں اور شام کو اس کی تردید کر دیتے ہیں، رات کو گالی دیتے ہیں تو صبح اس پر معافی مانگتے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فتنہ خان پاکستان کی سلامتی کے لیے مستقل خطرہ ہے، ایسے فتنے کو قوم مسترد کر چکی ہے، عمران خان پشاور کے بعد چشتیاں میں بھی رسوا ہوئے۔

گزشتہ روز عمران خان نے چشتیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان لوگوں کی کوشش ہے کہ پنجاب حکومت کو گرا دیں، مسٹر ایکس اور مسٹر وائی بھی دھمکیاں دے رہے ہیں۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ نیا پلان بن رہا ہے، مجھےکہہ رہے ہیں کہ سیلاب کے لیے کام کرو سیاست نہ کرو، سیلاب کے لیے جو کام میں کروں گا سب سے زیادہ کام کروں گا اور حکومت سے بھی کراوں گا، حقیقی آزادی کی تحریک بھی چلاوں گا، تم چوروں کامقابلہ بھی کروں گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی عمران خان کو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران نیازی فوج میں تقرری کے طریقہ کار کو متنازع بنا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں