جنرل ہسپتال:دو بچوں کی ماں کی یوٹرس سے 25کلو وزنی رسولی نکالنے کا کامیاب آپریشن

جنرل ہسپتال،دو بچوں کی ماں کی یوٹرس سے 25کلو وزنی رسولی نکالنے کا کامیاب آپریشن

لاہور(وقائع نگار) جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے میڈیکل کے شعبے میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے 48سالہ خاتون سمیرا امجد کا انتہائی پیچیدہ آپریشن کر کے یوٹرس سے25کلو وزنی رسولی نکال کر دو بچوں کی ماں کی جان بچا لی ہے، ہسپتال کی گائنا کالوجسٹ یونٹ تھری کی ٹیم میں ڈاکٹر شبنم محمد علی، ڈاکٹر مریم ذو الفقار،ڈاکٹر نادیہ سبین،ڈاکٹرعروسہ،ڈاکٹر ساجدہ اور ڈاکٹر عثمان شامل تھے، ٹیم کے ارکان اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو برؤئے کار لاتے ہوئے 5گھنٹے طویل آپریشن کر کے رسولی نکالنے میں کامیاب ہوئے۔تفصیلات کے مطابق سمیر اامجد طویل عرصہ سے پیٹ بڑھنے،درد اور مختلف نسوانی امراض کی تکلیف میں مبتلا تھی اور کافی عرصے سے مختلف ہسپتالوں کے چکر لگاتی رہیں لیکن اُن کا مرض بڑھتا گیا، مذکورہ خاتون علاج کے لئے آخر کا ر ایل جی ایچ کے گائنی آؤٹ ڈور میں آئی جہاں گائنا کالوجسٹ کی ماہر ٹیم ڈاکٹر لیلیٰ شفیق و دیگر نے مریضہ کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور مختلف ٹیسٹ کروائے تو علم ہواکہ یوٹرس میں بہت بڑی رسولی موجود ہے جس پر مریضہ کو داخل کر لیا گیا اور آپریشن کا فیصلہ کیا۔
اس کامیاب آپریشن پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے گائنی کے ڈاکٹروں کے اس کارنامے پرمبارکباد دیتے ہوئے اُن کی کاوشوں کو سراہا۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ انہیں اس امر کی خوشی ہے کہ مذکورہ خاتون عرصہ دراز سے جس اذیت میں مبتلا تھی اُسے ایل جی ایچ گائنا کالوجسٹس کی ٹیم نجات دلانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ مریضہ کی جان بچانے کے کامیاب آپریشن پر خاتون کے اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایل جی ایچ کے ڈاکٹروں کو ڈھیروں دعائیں دیں اور کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے بعد ایل جی ایچ کے ہیلتھ پروفیشنلز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی مریضہ کا کامیاب آپریشن کر کے اسے اذیت سے نجات دلائی اور اُس کی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت طبی سہولیات مریضوں کو فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ہسپتال آنے والا ہر مریض ڈاکٹروں کے لئے وی آئی پی کا درجہ رکھتا ہے جس کو بلا امتیا ز تشخیصی و طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں