پرامن انقلاب کا راستہ روکا تو ۔۔۔عمران خان نے خبردار کردیا

چارسدہ(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ووٹ کے ذریعے پرامن تبدیلی آنے دیں، پرامن انقلاب کا راستہ روکا تو گیم سب کے ہاتھ سے نکل جائے گی،بہت جلد حقیقی آزادی کی کال دوں گا۔
چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شاندار استقبال پر چارسدہ کے عوام کا شکرگزار ہوں، چارسدہ کے عوام آپ نے حقیقی آزادی کیلئے ساتھ دینا ہے جس کی جلد کال دوں گا،سازش سے مسلط چوروں کو کبھی قبول نہیں کریں گے،ابھی بھی وقت ہے کہ انتخابات کراو ورنہ ایسا انقلاب آئے گا جس سے ملک کو نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سپر پاور کی غلامی نہیں کرنی ہے،ہمارے حکمران خوفزدہ ہو کر امریکی جنگ میں شریک ہوئے،دہشت گری کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانی خیبر پختونخوا نے دی،ہم نے خوف میں آکر کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کرنی ہے،ہم نے ملک کی خارجہ پالیسی کو آزاد بنانا ہے،جب تک ایک انسان اپنے خوف پر قابو نہیں پاتا وہ بڑا انسان نہیں ہوتا،ہماری قوم ایک عظیم قوم بنے گی۔
عمران خان نے کہا کہ ایک سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی،امریکا چاہتا تھا کہ ایسا حکمران آئے جب حکم کریں تو جوتے پالش کریں،شہباز شریف نے کہا مانگنے نہیں آیا لیکن مجبوری ہے،حقیقی آزادی حاصل کر کے ہم عظیم قوم بنیں گے،نواز شریف امریکی صدر کے سامنے ایسے بیٹھا جسے بچہ ہیڈماسٹر کے سامنے بیٹھتا ہے،اس قوم کو انہوں نے دنیا کے سامنے شرمندہ کیا ہے،وقت آئے گا جب میرا پاکستانی دنیا میں فخر سے گھومے گا۔
عمران خان نے کہا کہ جب ہم 9 اپریل 2022 کو حکومت چھوڑ کر گئے تو پاکستان کا خسارہ گھٹ کر 16 ارب ڈالر رہ گیا، بیرون ملک پاکستانی 19 کے بجائے 31 ارب ڈالر بھیج رہے تھے اور ایکسپورٹ 32 ارب ڈالر تک پہنچ گئی،جو ایک ریکارڈ ہے،ہمارے دور میں عالمی مارکیٹ میں پٹرول $103 فی بیرل، پاکستان میں 150 کا فی لیٹر تھا،آج عالمی مارکیٹ میں پٹرول اور فضل الرحمان $93 جبکہ پاکستان میں پٹرول 236،فضل الرحمان 250 کا ہے۔بجلی ہمارے دور میں 16 کا فی یونٹ،آج ٹیکس ملا کر 50 روپے کا یونٹ ہے،ہم دو سال کرونا کی وبا دیکھنے کے باوجود بہتر معیشت چھوڑ کرگئے،ریکارڈ ایکسپورٹس،پاکستانی تاریخ کا سب سے زیادہ ٹیکس کا پیسہ 6 ہزار 100 ارب روپے اکھٹا کیا، 4 فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی اور پھر ہماری حکومت ایک سازش کے تحت گرا دی گئی،ہماری حکومت کے آخری دو سال میں پاکستان کی معشیت 17 سال کی بہترین پوزیشن پر تھی،جب کہ یہ پہلی حکومت تھی جسے جب چوروں نے گرایا تو مجھ سمیت کسی وزیر پر کوئی کرپشن کا کیس نہیں تھا اور موجودہ حکومت نے آتے ہی اپنے کرپشن کی کیسز ختم کرنا شروع کردیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں