جنرل ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز کی چھٹیوں پر پابندی، موسم گرما کی تعطیلات بھی منسوخ

جنرل ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز کی چھٹیوں پر پابندی، موسم گرما کی تعطیلات بھی منسوخ

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کا اجلاس، طبی سہولیات کی فراہمی پر گفتگو
لاہور(وقائع نگار) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمدالفرید ظفرنے لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کو بر وقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سینئر ڈاکٹرز کی چھٹیوں پر تا حکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے جبکہ پروفیسر صاحبان کی موسم گرما کی تعطیلات بھی منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ گزشتہ روز پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی زیر صدارت کمیٹی روم میں اکیڈمک کونسل کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر پروفیسرز و ڈاکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسرالفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ہر مریض کا بہتر سے بہتر علاج معالجہ یقینی بنایا جائے تاکہ دور دراز سے آنے والے افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پرنسپل پی جی ایم آئی اور ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے آؤٹ ڈور اور ایمرجنسی میں مریضو ں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سوموار کے روز ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر ساڑھے3ہزار سے زائد مریض آئے جن کا طبی معائنہ اور تشخیصی ٹیسٹ کیے گئے۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہسپتال کے تمام شعبہ جات کو معمول کے مطابق چلانے کے لئے تمام وسائل برؤئے کار لائے جا رہے ہیں اور مریضوں کو ہر ممکن علاج معالجے کی مفت سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جسے پنجاب حکومت کے مریض دوست ویژن کے مطابق مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں