دماغی شریانوں کا علاج مہنگاوپیچیدہ، مریضوں کی خدمت جاری رکھیں گے:پروفیسر آصف بشیر

دماغی شریانوں کا علاج مہنگاوپیچیدہ، مریضوں کی خدمت جاری رکھیں گے:پروفیسر آصف بشیر

لاہور(وقائع نگار) ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیور سائنسز پروفیسر آصف بشیر نے بتایا کہ پی آئی این ایس میں دماغی شریانوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ طریقہ علاج کے تحت امریکہ سے تربیت یافتہ ڈاکٹر ز کی زیر نگرانی کامیاب آپریشنز کئے گئے ہیں۔ دماغ کی شریانوں سے متعلقہ بیماری ”اینورزم” کا (SEAL ME ANEURYSM GLOBAL REGISTRY) نامی عالمی ادارے کے تعاون سے مہنگے ترین علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی گئیں جس سے دماغ کی شریانوں کی مرض میں مبتلا مریضوں کے لئے صحت مند زندگی کی نئی امید پیدا ہو گئی ہے۔ عالمی معیار کی حامل جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اس نئے طریقہ علاج سے 8 مریضوں کے کامیاب آپریشنز ہوئے ہیں جس پر تقریباً چار کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوئی ہے لیکن مریضوں کو یہ تمام طبی سہولتیں مفت فراہم کی گئیں جس کی وجہ سے ان کی زندگیوں کے چراغ روشن ہو گئے۔ شکاگو کمیونٹی ہیلتھ کیئر سسٹم ماسٹر انڈیانا سے تربیت یافتہ نیورو اینڈوسکالر و سرجن ڈاکٹر عامر بدرالدین اور پروفیسر آف نیورو اینڈوسکالر سرجری ڈاکٹر قاسم بشیر کی سربراہی میں ڈاکٹرز کی ٹیم نے زیر علاج 8 مریضوں کا علاج کرتے ہوئے ان کے دماغ میں ایک لاکھ بیس ہزار ڈالر مالیت کے مفت کوائلز کی کامیاب تنصیب کی جس سے مریض رو بصحت ہو کر معمول کی زندگی کی جانب واپس لوٹ رہے ہیں۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ای ڈی “پنز”پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر کا کہنا تھا کہا کہ دماغی شریانوں کا علاج انتہائی مہنگا اور پیچیدہ ہونے کے باوجود اس ادارے نے اپنے مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کا جو عہد باندھا تھا وہ آج اللہ کے فضل سے ایفاء ہورہاہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اس طریقہ علاج سے مریضوں کی صحت یابی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے پہلے سے زیادہ مستعدی کے ساتھ یہ ادارہ مریضوں کی خدمت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا امر ہے کہ مریضوں کے علاج معالجے کے لیے امریکی اداروں سے تربیت یافتہ اور فارغ التحصیل نیورو سرجنز اور ڈاکٹرزPINS میں دستیاب ہیں اورانشاء اللہ یہ ادارہ مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گا۔
پروفیسر آصف بشیر نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے او پی ڈیز میں ینگ ڈاکٹرز کے بائیکاٹ کی وجہ سے علاج معالجے کی سہولیات فراہم نہ ہو پا رہی تھیں تاہم”پنز”نے ان تمام مسائل سے بالا تر ہو کر مریضوں کی صحت کو اولین ترجیحی دی، علاج معالجے کی سہولتوں کو بلا تعطل جاری رکھا اور روزانہ 700 سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ”پنز”میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 40 کے لگ بھگ دماغی امرض میں مبتلا مریضوں کے آپریشنز کئے جا رہے ہیں جو انتہائی خوش آئند امر ہے۔پروفیسر آصف بشیر نے دماغی شریانوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو خوشخبری دیتے ہوئے بتایا کہ تمام تر حالات کے باوجود اس ادارے میں بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں