حالیہ بجٹ میں سگریٹ پر ٹیکس نہ لگایا جانا قابل افسوس ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

حالیہ بجٹ میں سگریٹ پر ٹیکس نہ لگایا جانا قابل افسوس ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے انسداد تمباکو مہم کے سلسلے میں غیر سرکاری تنظیم کرومیٹک کی طرف سے منعقدہ انسداد تمباکو پوسٹ کارڈ سیزن 4 مقابلوں میں جیتنے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔ کرومیٹک پوسٹ کارڈ سیزن 4 میں ملک بھر سے 15 سو سے زائد نوجوانون نے حصہ لیا۔
کرومیٹک پوسٹ کارڈ سیزن 4 میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی طالبہ عفت زہرہ نے پہلی، حیدر آباد سے تعلق رکھنے والی طالبہ مریم رفیق نے دوسری جبکہ بہاولپور سے تعلق رکھنے والے نوجوان عادل نیازی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کرومیٹک پوسٹ کارڈ سیزن 4 جتنے والے نوجوانوں کو بالترتیب 50 ہزار، 30 ہزار اور 20 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد دی گئیں۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نوجوان نسل کا تمباکو نوشی کی لت میں مبتلا ہونا تشویش ناک ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کرومیٹک کی طرف سے انسداد تمباکو نوشی پوسٹ کارڈ مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے، ایسی سرگرمیاں نوجوانوں میں تمباکو نوشی کے رحجان کو کم کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ اس موقع پر تقریب میں موجود سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ حکومت کو تمباکو نوشی کے خاتمے کےحوالے سے پالیسیز پر از سر نو غور کرنے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا بچوں کے لئے دودھ سے لے کر دیگر بنیادی ضروریات کی اشیاء پر ٹیکسز میں اضافہ جبکہ حالیہ بجٹ میں سگریٹ پر کسی نئے ٹیکس کا نفاذ نہ کیا جانا افسوس ناک ہے۔
اس موقع پر ممبر پنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روزانہ بارہ سو سے زائد بچوں کا سگریٹ نوشی شروع کرنا تشویشناک ہے۔ سکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے بچے روایتی سگریٹ کے علاوہ ماڈرن ٹوبیکو پراڈکٹس کی لت میں بری طرح مبتلا ہو رہے ہیں۔ آمنہ حسن شیخ نے کہا تمباکو نوشی پر قابو پانے کے لئے ایک جامع اور موثر حکمت عملی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر کرومیٹک کے سی ای او شارق خان نے تمباکو نوشی کے خاتمہ کے لئے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کرنے پر چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کیا۔ شارق خان نے چیئرمین سینٹ سے درخواست کی کہ وہ پاکستان سے تمباکو نوشی کے خاتمے کے لئے سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ، گرافک ہیلتھ وارننگ سمیت دیگر قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں