عوام دشمن بجٹ، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف مرکزی مسلم لیگ کا احتجاجی مظاہرہ

عوام دشمن بجٹ، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف مرکزی مسلم لیگ کا احتجاجی مظاہرہ

فیصل آباد(وقائع نگار) مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام عوام دشمن بجٹ، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ضلع کونسل چوک میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں تاجروں، مزدورں، طلباء اور عام عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے، آئی ایم ایف بجٹ نا منظور، معاشی دہشتگردی بند کرو، بجلی اور پٹرول بم بند کرو، وزیراعظم استعفی دو، جیسے جملے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومتی پالیسیوں کیخلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔ بعداز ضلع کونسل چوک تا گھنٹہ گھر چوک تک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔ صدر مرکزی مسلم لیگ شیخ فیاض احمد وسطی پنجاب نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دہشت گردی اور بم دھماکے ہوتے تھے اب ٹیکس گردوں سے مقابلہ ہے قوم کا اور بجلی اور پیٹرول بموں سے عوام کو قتل کیا جارہا ہے۔

ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ حکومتی نااہلی ہے۔ عوام پر بڑھتی ہوئی مہنگائی ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ حکومت اپنی عیاشیوں کو کم کرنے کی بجائے تمام تر بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔ شیخ فیاض کا کہنا تھا کہ جب بھی اس ملک عوام کے حقوق کی بات ہوگی مرکزی مسلم لیگ اپنی عوام کے لیے سڑکوں پر موجود ہوگی۔ سیکرٹری جنرل محمد احسن تارڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف ہرگز یہ نہیں کہتا کہ ممبران قومی اسمبلی کو ترقیاتی بجٹ کے نام پر 500 ارب دیں۔ یہی رقم مہنگائی کم کرنے لے لیے استعمال کی جائے۔بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے۔ بڑھتے ہوئے ٹیکسز کے باعث اس ملک سے انڈسٹری کا بھی خاتمہ ہورہا ہے جس کے باعث بے روزگاری مزید بڑھ رہی ہے۔ بجلی کے بلوں میں شامل غیر ضروری ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے۔ پٹرولیم مصنوعات پر 10 فیصد لیوی ٹیکس کم کیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کو سستا کیا جائے۔عوام پر عائد کیے جانے والے ظالمانہ ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں