ڈاکٹر فریاد حسین کی سیشن2024-25کیلئے منتخب ہاؤس آفیسرز سے تعارفی ملاقات

ڈاکٹر فریاد حسین کی سیشن2024-25کیلئے منتخب ہاؤس آفیسرز سے تعارفی ملاقات

لاہور(وقائع نگار)میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین نے نئے ہاؤس آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اساتذہ اور سینئر ڈاکٹرز کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں، پیشہ وارانہ مہارت حاصل کرنے کیلئے اُن کے بتائے ہوئے طبی و اخلاقی اصولوں کو عملی طور پر اپنائیں تاکہ وہ ہاؤس جاب مکمل کرنے کے بعد مریضوں کا بہتر انداز میں علاج معالجہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔وہ سیشن 2024-25کے لئے منتخب ہاؤس آفیسرز سے تعارفی ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ایم ایس نے کہا کہ لاہو رجنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو دوران ہاؤس جاب حکومتی پالیسی کے مطابق ماہانہ مشاہرہ دیا جائے گاجس سے اُن کو اپنے ماہانہ اخراجات میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔
ڈاکٹر فریاد حسین نے مزید کہا کہ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی واضح گائیڈ لائن کے تحت ہاؤس آفیسرزکی صلاحیتوں کو نکھارنے اور متعدی و وبائی امراض سے آگاہی کے لئے تربیتی ورکشاپس بھی منعقد ہوں گی جبکہ سینئر ڈاکٹرز نوجوان ہاؤس آفیسرز کو امراض کی علامات، احتیاطی تدابیر اور جدید طریقہ علاج بارے لیکچرز دیں گے تاکہ انہیں عملی میدان میں مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈاکٹر فریاد حسین نے مزید کہا کہ ینگ ڈاکٹرز قوم کا سرمایہ ہیں،ان کے سامنے ایک طویل پیشہ وارانہ زندگی پڑی ہے جس میں انہیں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گالہذا انہیں چاہیے کہ وہ میڈیکل کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے ابھی سے ذہنی طور پر تیار رہیں اور مختلف شعبوں میں سپیشلائزیشن کو اپنا ٹارگٹ بنائیں کیونکہ ہر شعبے میں سپیشلائزیشن کا دور ہے اور محض ایم بی بی ایس کرنا ہی کافی نہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ آج میڈیکل سائنس نے بہت زیادہ ترقی کر لی ہے اور سرجری کے شعبے کے علاوہ میڈیسن میں بھی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ چکا ہے لہذا نوجوان ڈاکٹرز اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں میڈیکل ٹیکنالوجی میں مہارت کے حصول پرتوجہ دیں۔ ڈاکٹر فریاد حسین نے ینگ ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ہونے والی نت نئی میڈیکل ریسرچ پر بھرپور توجہ دیں جس سے انہیں عملی زندگی میں بھرپور مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں