آرمی چیف کی تعیناتی،مولانا فضل الرحمان نے بڑا دعویٰ کردیا

پشاور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے سربراہ اور جمعیت علماءاسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری ہماری مرضی سے ہوگی بلکہ عام انتخابات بھی ہماری ہی رضامندی سے ہوں گے،عمران خان فتنہ ہے لیکن ہم اس فتنے کا سر کچل چکے ہیں،اب یہ کبھی اقتدار میں دوبارہ نہیں آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں چوہدری شجاعت کی جگہ عمران خان کے خط کا تسلیم کیا جانا افسوسناک ہے،آرمی چیف عمران خان کو نہیں،وزیر اعظم کو مقرر کرنا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کال دیتے رہیں،اس سے کچھ نہیں ہوگا،جو عدالت جرنیل،بیوروکریٹ اور الیکشن کمیشن عمران خان کا ساتھ دیں وہ ٹھیک،باقی غلط ہوتے ہیں،یہ ڈرامہ مزید نہیں چلنے دیں گے،عمران خان ڈرامے باز ہیں جو تلوے بھگو کر سیلاب میں اترنے کا ڈرامہ رچاتے ہیں،پہلے آرمی چیف کی رخصتی کی بات کر رہے تھے،آج کل توسیع دینے کی بات کرتے ہیں،فیصلہ پارلیمان کو کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ختم ہوئی تو اقوامِ متحدہ اور اسرائیلی ٹی وی دونوں نے تشویش کا اظہار کیا،بھٹو کو پھانسی ہوئی، نواز شریف کو 2 بار ہٹایا گیا،بے نظیر بھٹو کی حکومت ختم ہوئی،اس پر سب خاموش تھے۔عمران خان کا دنیا سے پیسہ لینا ثابت ہوگیا۔سابقہ حکومت غلاموں کی غلام ہوا کرتی تھی۔
دوسری جانب آرمی چیف کی تقرری پر مشاورت کا معاملہ لندن میں طے ہوچکا۔وزیر اعظم شہباز شریف مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے آج ملاقات کریں گے جس کیلئے وفاقی وزراء بھی لندن پہنچ گئے۔وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف آرمی چیف کی نومبر میں تعیناتی کے متعلق نواز شریف سے مشاورت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں