پرویز مشرف کے پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز انتقال کر گئے

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز انتقال کر گئے ۔طارق عزیز کئی ماہ سے علیل اور نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز وفات پا چکے ہیں جس کی تصدیق خاندانی ذرائع نے کر دی ہے۔طارق عزیز کی نماز جنازہ مغرب کی نماز کے بعد سیکٹر ایف ایف ٹو اسلام آباد میں ادا کی جائے گی اور ایچ ایٹ قبرستان میں تدفین ہوگی۔طارق عزیز سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ہم جماعت بھی تھے اور ان کے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی قریبی تعلقات تھے۔سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے دور میں طارق عزیز نے بھارت سے مذاکرت کے دوران بیک ڈور ڈپلومیسی میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔طارق عزیز قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری اور دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے ،طارق عزیز بطور مشیر کے بھی سابق صدر مشرف کے ہمراہ ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔انہوں نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے سیکریٹری کے عہدے سے اس وقت استعفیٰ دیا جب سابق صدر مشرف نے 18 اگست 2008 کو صدارت سے استعفیٰ دیا تھا۔کچھ عرصہ قبل وہ صدر مشرف کی عیادت کے لیے دبئی بھی گئے تھے۔
یاد رہے کہ 30 سال تک محکمہ انکم ٹیکس میں ملازمت،غیر اہم عہدوں پر فائز رہنے کے بعد طارق عزیز پر قسمت کی دیوی اس وقت مہربان ہو گئی جب ان کے ایف سی کالج لاہور کے ساتھی جنرل پرویز مشرف نے فوجی انقلاب کے ذریعے اقتدار سنبھال لیا۔مشرف نے اقتدار میں آتے ہی انہیں پرنسپل سیکرٹری اور سیاسی مشیر بنا لیا۔طارق عزیز اپنے وقت کے انتہائی طاقتور بیوروکریٹ کے طور پر جانے جاتے تھے۔وہ فوجی حکمران کے اتنے قریب تھے کہ انہی کا مشورہ چوہدری برادران کو نیب کی تحقیقات سے مسند اقتدار تک لانے کا سبب بنا۔ سنہ 2002 کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ ق کے ٹکٹوں کی تقسیم سے لے کر وزراتوں اور عہدوں کی تقسیم تک ان کا کلیدی کردار رہا۔جنرل مشرف نا صرف سیاسی معاملات کے لیے طارق عزیز پر بھروسہ کرتے تھے بلکہ خارجہ امور پر طارق عزیز نے کئی بار ان کے نمائندے کے طور پر اہم امور نمٹائے۔
جون 2004 میں گلف نیوز میں شائع ایک خبر کے مطابق طارق عزیز انڈین قومی سلامتی کے مشیر برجیش مشرا سے ملنے گاڑی پر لاہور سے امرتسر گئے اور اعلیٰ انڈین حکام سے خفیہ ملاقاتوں میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات کا ایجنڈا طے کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں