ریلیف کمیٹی اجلاس،ساجد میر نے سیلاب متاثرین کے لیے پانچ ہزار مکانات تعمیر کرنے کی منظوری دے دی

لاہور ( وقائع نگار خصوصی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے متاثرین سیلاب کے لیے پانچ ہزار مکانات کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی،پہلے مرحلے میں ایک ہزار مکانات بنائے جائیں گے، سنگل بیڈ روم پر مشتمل پکا گھر بنایا جائے گا، جنوبی پنجاب اندورن سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کا سروے کرلیا گیا ہے،اب تک متاثرین سیلاب کے لیے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے شعبہ خدمت خلق اور زم زم ٹرسٹ کی طرف سے تقریبا ایک ارب روپے تقسیم کرچکے ہیں۔
اس امر کا اظہار انہوں نے مرکز راوی روڈ میں مرکزی ریلیف کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ناظم اعلی حافظ عبدالکریم،نائب امیر مولانا علی محمد ابوتراب،قاری صہیب میر محمدی،حافظ شاہد امین،حافظ یونس آزاد،مولانا یوسف قصوری،علامہ ابراہیم ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے حوالے سے ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے بریفنگ د ی اور بتایا کہ ایک مکان پر کم ازکم دولاکھ روپے کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے۔متاثرین کو ایک فارم دیا جائے گا جس میں وہ اپنے کوائف اور نقصان کی تفصیلات بتائیں گے۔اجلاس میں متاثرہ علاقوں کا دورہ اور ریلیف فراہم کرنے والے ذمہ داران نے رپورٹ بھی پیش کی۔پروفیسر ساجد میر نے ملک بھر کی صوبائی،ضلعی تنظیموں کا ریلیف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر تعاون کرنے پر اپنی ٹیم،علماءاور کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مکانات کی تعمیر کے منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے،ابھی بحالی کے کام میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔پروفیسر ساجدمیر نے مخیر حضرات سے اس سلسلے میں مزید تعاون کی اپیل کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں