یوم یکجہتی فلسطین،وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام جاری کر دیا

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم یکجہتی فلسطین پر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اسرائیلی مظالم اور جارحیت کا سامنا کرنے والے نہتے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آج فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے یوم یکجہتی کے موقع پر ایک پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک ایسی آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہو جاتی جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو،آج پوری قوم اپنے نہتے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی حمایت کے لیے یوم یکجہتی منا رہی ہے،فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی نئی لہر کا آغاز ہوئے ایک سال گزر چکا ہے،اسرائیل عالمی طاقتوں،بین الاقوامی اداروں،سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی عدالت انصاف کا تمسخر اڑا رہا ہے،فلسطینیوں کو نہ صرف شدید بمباری بلکہ انہیں بھوک اور پیاس کا بھی سامنا ہے جبکہ غزہ کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیلی دہشت گردی گزشتہ سال 7 اکتوبر کو شروع نہیں ہوئی بلکہ یہ پچھلی سات دہائیوں سے جاری ہے،اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی اب غزہ اور فلسطین تک محدو د نہیں رہی بلکہ خطے کے دوسرے ملکوں تک بھی پھیل گئی ہے،پاکستانی عوام کے دل اپنے نہتے فلسطینی بھائیوں اوربہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بھائیوں بہنوں کی حمایت کے لیے آج آل پارٹیز کانفرنس کی بھی میزبانی کریں گے،آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد اور تقریبات کی نگرانی کے لیے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار،شیری رحمٰن، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری پر مشتمل ایک کمیٹی پہلے ہی تشکیل دے دی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں