لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب حکومت نے طلبا وطالبات کی صحت کے تحفظ کے لئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں سگریٹ،ویپ،ہیٹڈ ٹوبیکو پروڈکٹس اور نکوٹین پاوچز سمیت تمام تمباکو اور نکوٹین مصنوعات پر فوری اور مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق پنجاب حکومت نے فوری طور پر تمام تعلیمی اداروں میں تمباکو اور نکوٹین مصنوعات پر مکمل پابندی کر دی ہے،حکومت پنجاب کا یہ تاریخی اقدام تمباکو سے پاک تعلیمی ماحول کی فراہمی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے اور حکومت سے موثر اقدامات کروانے میں کرومیٹک کا کردار قابل ستائش ہے، کرومیٹک نے طلباء و طالبات کی صحت کے حوالے سے اس اہم معاملے کو پنجاب حکومت کے سامنے پیش کیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ تمباکو مصنوعات پر تعلیمی اداروں میں پابندی کے حکمنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کا یہ فیصلہ طلبا و طالبات کو تمباکو اور نکوٹین کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات،ایم پی اے آمنہ حسن شیخ اور پارلیمانی سیکرٹری سلطان باجوہ نے وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اس اہم فیصلے کی پیشرفت میں اہم کردار ادا کیا، تمباکو نوشی سے پاک ماحول کے لئے ان کی کوششیں، عوامی صحت کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات میں مددگار ثابت ہوئی ہیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کا یہ جرات مندانہ اقدام نوجوان نسل کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، اور کرومیٹک کی صحت مند، تمباکو فری تعلیمی ماحول کے لئے کوششیں قابل تعریف ہیں۔