اسلام آباد(بیورو رپورٹ)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کو مذاکرات کی پیشکش پر اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت نے”کورا“جواب دے دیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے سپیکر سردار ایاز صادق کی دعوت کا جواب دیتے ہوئے سردار ایاز صادق کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی۔پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ مذاکرات کا باب بند ہو گیا،اب ہم مذاکرات نہیں کرینگے،حکومت کے ارادے ٹھیک ہیں اور نہ ہی نیت،سیاسی مذاکرات خواہشات پر نہیں،مستحکم ارادوں سے ہوتے ہیں مگر حکومت کے ارادے اور نیت دونوں ہی درست نہیں تھے، اسی وجہ سے مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکے،پی ٹی آئی نے مذاکرات سنجیدگی سے شروع کیے تھے لیکن حکومت نے ان کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا،اب مزید مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی آفر کی تھی،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی بھی مذاکرات کیلئے دروازے بند نہیں کئے،مذاکراتی کمیٹی تحلیل نہیں ہوئی،جیل کے اندر سے پہلے منظوری آ جائے پھر ہمارے پاس بھی آ جائیں گے،بانی پی ٹی آئی عمران خان سخت آدمی ہیں۔
![Opposition leader in the National Assembly Omar Ayub said that the PTI will observe black day in Swabi on February 08](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2025/02/Latest-news-about-PTI-protests-1200x480.jpg)