ملتان(بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے 8 فروری کو ملک بھر میں یوم سیاہ مناتے ہوئے احتجاج کا اعلان کیا تو پولیس نے بھی احتجاج سے نمٹنے کے لئے کمر کس لی،شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی،جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی،آزاد کشمیر میں اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق سمیت درجنوں رہنماوں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا،صوابی میں تحریک انصاف کاجلسہ،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے،پاکستانی قوم اپنے مینڈیٹ پر ڈالے گئے تاریخی ڈاکے کیخلاف احتجاج کر رہی ہے،17 نشستیں جیتنے والی پارٹی کو اقتدار دے کر”اردلی حکومت“ملک پر مسلط کر دی گئی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے 8 فروری کے انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے،تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے بھی مکمل تیاری کر رکھی ہے جبکہ صوبے میں دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے،پنجاب کے مختلف شہروں سے تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔ملتان میں پی ٹی آئی رہنما مہر بانو قریشی کو کارکنوں سمیت گرفتار کر لیا گیا، پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی اور ملتان سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر دلیر مہار کو بھی حراست میں لیا گیا۔تینوں افراد پل چٹھہ سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کئے گئے،ریلی نکالنے پر تحریک انصاف کے 10سے زائد کارکن بھی گرفتار کر لئے گئے ہیں۔مہر بانو قریشی کی گرفتاری کے دوران کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی،کارکنوں نے پولیس کی گاڑی کو روکنے کی بھی بھرپور کوشش کی۔دوسری طرف آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق کو پولیس نے ہاوس اریسٹ کر دیا۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق احتجاج کرنے والے 16 پی ٹی آئی کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
![Police arrests multiple PTI activists before Swabi rally](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2025/02/PTI-leader-Mehar-Bano-Qureshi-arrested-before-Swabi-rally-940x480.jpg)