اسلام آباد(بیورو رپورٹ)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء ٹورنامنٹ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں وفاقی حکومت نے فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے،میگا ایونٹ کے دوران پاک فوج،سول آرمڈ فورسز اور پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وفاقی کابینہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے سیکیورٹی کی منظوری دے دی ہے،وفاقی کابینہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کرنے کی منظوری دی۔پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز چیمپئنز ٹرافی کے دوران سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔ٹورنامنٹ کے لیے غیر ملکی ٹیمیں 12 فروری سے پاکستان پہنچنا شروع ہو جائیں گی،وزارت داخلہ نے تمام متعلقہ اداروں اور صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹس کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ٹیموں کو فل پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے،مہمان ٹیموں کو پریزینٹیشن لیول کی سیکیورٹی دی جائے گی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے،میگا ایونٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلا جائے گا۔پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہو گا جبکہ ایونٹ میں 8 ممالک کے درمیان 15 میچز کھیلے جائیں گے۔چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان اور متحدہ عمرب امارات(یو اے ای)میں ہوں گے،میچز کراچی،لاہور،راولپنڈی اور دبئی میں کھیلیں جائیں گے اور تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے جبکہ بھارتی ٹیم اپنے سارے میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں کھیلے گی۔21 فروری کو کراچی میں افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جوڑ پڑے گا، لاہور کا قذافی سٹیڈیم 22 فروری کو ایونٹ میں اپنا پہلے میچ کی میزبانی کرے گا،جہاں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جوڑ پڑے گا۔
![Pakistan federal cabinet has approved security arrangements for the ICC Champions Trophy 2025, with sources confirming that military deployment has been authorized under Article 245 of the Constitution](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2025/02/Army-troops-to-be-deployed-for-Champions-Trophy-security-940x480.jpg)