لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ پی ایم ایم ایل تشدد کی پالیسی کی سخت مخالفت کرتی ہے،اسلام آباد میں وکلا پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہیں، 26 ویں آئینی ترمیم پر اعتراضات اور انکے حل کے لئے دیگر امور پر فریقین آئینی و قانونی دائرے میں تلاش کریں،انتشار،تشدد کسی کے حق میں بہتر نہیں ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں وکلا کے احتجاج کے دوران پولیس تشدد کی مخالفت کرتے ہیں،ہم تمام فریقین سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنے مطالبات کی منظوری، مسائل کے حل کے لئے آئینی و قانونی راستہ اپنائیں،سڑکوں پر نکلنے سے کبھی مسائل حل نہیں ہوئے،سب کو ٹیبل ٹاک کے لئے ہی بیٹھنا پڑتا ہے،اس لئے مسائل کا حل تشدد،انتشار سے نہیں بلکہ مذاکرات سے نکلے گا،فریقین بات چیت سے مسائل کا حل طے کریں،مرکزی مسلم لیگ بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کرتی ہے،ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی ہو اور جمہوریت اس کی اصل روح کے ساتھ ہو۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے تمام فریقین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مطالبات کے حصول کے لیے آئینی اور قانونی راستہ اختیار کریں تاکہ ملک میں امن و امان کا قیام ممکن رہے،پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ضروری ہے کہ تشدد،انتشار کا راستہ نہ اپنایا جائے،موجودہ حالات میں پاکستان کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ فیصلے سڑکوں کی بجائے افہام و تفہیم سے کئے جائیں۔