لاہور ہائیکورٹ بار انتخابات،مرکزی مسلم لیگ کا امیدواروں کی حمایت کا اعلان

لاہور( سٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے وکلا ونگ پاک لائرز فورم نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی زیر صدارت اجلاس ہوا،اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید،ترجمان تابش قیوم،پنجاب کے صدر محمد سرور چوہدری،سیکرٹری جنرل لاہور مزمل اقبال ہاشمی و دیگر موجود تھے۔اجلاس میں لاہور،چونیاں،اوکاڑہ،گوجرانوالہ، شیخوپورہ،کوٹ رادھاکشن سے پاک کشمیر لائرز فورم کے ضلعی و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں پاک کشمیر لائرز فورم کے صدر رانا عبدالحفیظ،صدر پنجاب احسن ورک،جنرل سیکرٹری کامران نصیر عباسی،صدر پاک لائرز فورم ہائیکورٹ مہر عبدالشکور و دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ثاقب اکرم گوندل کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے لائرز ونگ پاک لائرز فورم نے نائب صدر کیلئے عبدالرحمان رانجھا،سیکرٹری کی سیٹ پر فرخ الیاس چیمہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا”وکالت کردار کے ساتھ“کے سلوگن سے امیدواروں کی بھر پور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے امیدواروں نے انتخابات میں حمایت پر صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو اور پاک لائرز فورم کا شکریہ ادا کیا۔

خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات میں پاک لائرز فورم کے حمایت یافتہ امیدواروں کی کامیابی کے لئے بھر پور کردار ادا کرے گی۔خالد مسعود سندھو نے وکلا سے خطاب کے دوران غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ فلسطینیوں کا ہے اور اسرائیل سیز فائر کی بار بار خلاف ورزی کر رہا ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیاں محض گیدڑ بھبھکیاں ہیں،مرکزی مسلم لیگ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے،امریکی دھمکیوں پر امت مسلمہ خاموش رہنے کی بجائے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے،مغربی ممالک اسرائیل کی پشت پناہی کر کے صرف مشر ق وسطیٰ ہی نہیں پوری دنیا کے امن کو شدید خطرات سے دو چار کر رہے ہیں،پاکستان کی وکلا برادری غزہ کے مظلوم مسلمانوں کا ساتھ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں