لاہور(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرکاری سکولوں میں جدید آئی ٹی لیب بنانے اور سائنس لیب کی اَپ گریڈیشن کا اعلان کیا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری سکولوں میں سپوکن انگلش،کیریکٹر بلڈنگ کلاسوں کے اجراء اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شو”جشن سٹیم“کے 1100 طلبہ کے لئے لیپ ٹاپ دینے کا بھی اعلان کیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبہ سے ملک کے خلاف کبھی قدم نہ اٹھانے کا عہد بھی لیا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2025/02/MNS-CM-1024x535.jpg)
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے’جشن سٹیم“کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھوڑی سے توجہ اور انویسٹمنٹ سے ہمارے بچے دنیا فتح کر سکتے ہیں،چھوٹے بچوں کے بڑے خواب دیکھ کر خوشی ہوئی،بچوں سے کہتی ہوں کہ خواب کا تعاقب کرنا کبھی ترک نہیں کرنا،طلبہ تعلیم پر توجہ دیں کسی کے بہکاوے میں آ کر زندگی خراب نہ کریں،لیپ ٹاپ اور سکالر شپ پر بلوچستان،خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں کے بچوں کا بھی حق ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تما م سٹالز پر طلبہ کی تخلیقات کا ذاتی طور پر معائنہ کیا جس پر بہت خوشی محسوس ہوئی، طلبہ کے سٹالز،پراجیکٹس اور کام دیکھ کر اندازہ ہوا کہ ہمارے بچوں میں بھی بے حد پوٹینشل ہے۔1100 بچے پورے پنجاب سے اپنے اپنے اضلاع میں جشن سٹیم کے مقابلے جیتے کر آئے ہیں،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات بچوں کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں،رانا سکندر حیات سائنس،آرٹ،میتھ،انجینئرنگ میں طلبہ کی صلاحتیں اجاگر کرنے کے لئے تواتر سے مقابلے کرائیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2025/02/MNSCM-1024x372.jpg)
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ بچوں کا تخلیقی اور اختراعی ورک دیکھ کر بہت حیرانگی ہوئی،بچوں کے چہرے کی خوشی دیکھ کر بے حد خوش ہوئی،سوچ رہی ہوں،ان کے والدین کتنے خوش ہونگے،سٹیم میں حصہ لینے والے تمام بچوں،والدین اور اساتذہ کو بہت مبارک باد پیش کرتی ہوں،بچوں سے پوچھا کہ آپ کیا بننا چاہتے ہیں تو پتہ چلا کہ بچوں کے خواب بہت بڑے ہیں،میں آپ کی ماں کی طرح ہوں،جب تک وزیر اعلیٰ آفس میں ہوں،اپنے بچوں کے لئے کام کرتی رہوں گی،پوری کوشش کروں گی کہ میرے بچوں کے خواب پورے ہوں،میرے پاس بطور وزیر اعلیٰ جتنے بھی وسائل ہیں پنجاب کے بیٹے اور بیٹیوں پر نچھاور کروں گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے 49 ہزار سرکاری سکولوں کی اَپ گریڈیشن کی جائے گی،سرکاری سکولوں میں فرنیچر،کلاس رومز اور دیگر ضروریات کو پورا کیا جائے گا،سرکاری سکولوں میں انوائرمنٹ کو بہتر کیا جائے گا تا کہ بچوں کا سکول آنے کا بھی دل کرے،شہباز شریف صاحب نے 2008 میں جو آئی ٹی لیبز بنوائی تھیں دوبارہ ان آئی ٹی لیبز کو بھی اَپ گریڈ کیا جائے گا،سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو انگلش سپوکن کلاسز شروع کرائی جائے گی،اردو،پنجابی،سرائیکی،پوٹھوہاری یہ سب ہماری زبانیں ہیں لیکن ہم نے گلوبل سٹیج پر دنیا کے ساتھ انگلش لینگویج پر عبور ہونا چاہیے،صوبائی وزیر رانا سکندر حیات کو ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری سکولوں میں سپوکن انگلش کی ریگولرکلاسز ہونی چاہیے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2025/02/MNSCMP-1024x681.jpg)
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کیریکٹر بلڈنگ کی کلاسز ہونی چاہیے تاکہ بچوں کو پتہ چلے کہ ان کے لئے کیا صحیح اور کیا غلط ہے؟بچوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ کون سا راستہ کامیابی کی طرف اور کونسا راستہ تباہی کی طرف جاتا ہے؟ہونہار سکالر شپ پروگرام سے 100 فیصد میرٹ پر 30 ہزار مستحق بچوں کو سکالر شپ دیئے گئے،ہونہار سکالر شپ ان بچوں کو ملا جن کو سکالر شپ نہ ملتا تو انہیں تعلیم چھوڑنا پڑتی،ہونہار سکالر شپ لینے والے بچوں کے انٹرویز کیے تو ان کی مشکلات سن کر دل ہل گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ میں جیل کے ڈیتھ سیل میں رہی ہوں،جیل میں تھی تو والدہ وفات پا گئیں لیکن پھر بھی نہیں روئی لیکن جب بچوں کی باتیں سنی تو رونا آ گیا،30 ہزار بچوں کو میرٹ پر سکالر شپ ملا تو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا،بچے جب پیار اور احترام کا اظہار کرتے ہیں تو چند لوگوں کو لگتا ہے کہ یہ سب ڈرامہ ہے،میرا اور بچوں کا آپس میں پیار کا رشتہ ہے جوبہت سے لوگوں سے برداشت نہیں ہوتا،میری والدہ کہتی تھیں کہ انسان جب کامیابی کے سفر پر نکلتا ہے تو لوگوں کی تنقید پر دھیان نہیں دینا چاہیے، دنیا جو کہتی ہے کہنے دو،منفی تنقید پر دھیان دینے کی بجائے اپنے مقاصد پر فوکس کریں،انسان ترقی کی راہ پر نکل پڑے تو ٹانگیں کھینچنے والوں کی پرواہ نہیں کرنی چاہیے،بچے تنقید کرنے والوں کو اپنی محنت اور کامیابی سے جواب دیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2025/02/MNS1-1024x599.jpg)
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اگر پنجاب کے بچوں کو وسائل کی کمی ہے تو میں حاضر ہوں،کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں،بچے محنت کریں اپنا راستہ بنائیں،ان شاءاللہ کامیابی کوئی روک نہیں سکتا،اساتذہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے فرض کوپوری دیانت داری سے ادا کریں،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو ہدایت کی ہے کہ بچوں کو بہترین سبجیکٹ سپیشلسٹ مہیا کریں،بچوں کو لیپ ٹاپ فراہم کریں گے،بچے لیپ ٹاپ تعمیری،تخلیقی اور تحقیقی سرگرمیوں کے لئے استعمال کریں،بچے لیپ ٹاپ سے کلین انرجی،سمارٹ سٹیز اور کلین ایئر جیسے پراجیکٹس پر ریسرچ کریں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بچے کسی کا سیاسی ایندھن نہ بنیں،سرکاری املاک جلانے،حملے کی ترغیب دینے والوں کو نو میں جواب دیں،قوم کی بیٹیوں پر آواز کسنے کا کہنے والے آپ کے دوست نہیں ہیں،والدین کبھی بھی اپنے بچوں کو گالیوں اور حملوں کی ترغیب نہیں دے سکتے،4 سال نا اہلوں کی حکومت رہی،ایک دھیلے کا کام نہیں کیا، لیپ ٹاپس،سکالر شپس اور انعامات بچوں کا حق تھا جو ابھی مل رہا ہے،سوال یہ ہے کہ پہلے کیوں نہیں دیا گیا؟خیبر پختونخوا کا وزیر اعلیٰ ذاتی حملے کر رہا ہے،بچے گوگل اور یوٹیوب پر سرچ کریں کہ یہ نوجوان کو کیا سیکھا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بچے روزانہ مجھے کہتے ہیں کہ ہمیں بھی لیپ ٹاپس اور سکالر شپ دیئے جائیں،امیری یا غریبی اللہ کے ہاتھ میں لیکن تعلیم ہر قسم کا فرق ختم کر دیتی ہے،چاہتی ہوں میرا ہر بچہ اپنی فیلڈ میں ترقی کرے اور کامیابی حاصل کرے،میں بچوں کو ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ دے رہی ہوں جبکہ نااہل بچوں کو پٹرول بم تھمارہے ہیں، بچے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے اپنے والدین اور اس ملک کی ترقی اور بھلائی کو سامنے رکھا کریں۔