سراج الحق مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹریٹ پہنچ گئے،خالد مسعود سندھو سے ملاقات میں اہم نکات پر اتفاق

لاہور( وقائع نگار خصوصی)سابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو،جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ،نائب صدر حافظ طلحہ سعید،ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ خالد نیک گجر اور سیکرٹری اطلاعات تابش قیوم سے ملاقات کی،ملاقات میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال،قومی یکجہتی اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹریٹ کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے خالد مسعود سندھو سمیت دیگر رہنماوں سے تفصیلی ملاقات کی ہے،اس موقع پر قاری محمد یعقوب شیخ نے جماعت اسلامی کے رہنما کو پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جدوجہد اور اہداف سے آگاہ کیا۔دونوں رہنماوں نے ملک میں مثبت سیاسی روایات کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر بات چیت کی۔ملاقات میں دیگر اہم امور پر بھی گفتگو ہوئی اور ملکی استحکام کے لیے تمام محب وطن قوتوں کو متحد ہونے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔سراج الحق سے ملاقات کے دروان گفتگو کرتے ہوئے صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ ہم میدان سیاست میں اس پاکستان کے لئے اترے جس کے ماتھے کا جھومر لا الہ الا اللہ ہے،آئین میں قر آن و سنت کو بالا قانون کہا گیا ہے،ہم ملک میں 73 کے آئین کے تحت قانون کی عملداری اور صوبائیت،لسانیت،عصبیت کے جھگڑے اور مفادات و معرکہ آرائی کی سیاست ختم کر کے اخوت اور رواداری کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں،ہم قومی و ملی وحدت کو پروان چڑھائیں گے۔ملاقات میں رہنماوں نے اہم نکات پر مکمل اتفاق کرتے ہوئے دینی قوتوں کے درمیان مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی اپنا نے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں