پشاور(بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں،تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر سیف کو پارٹی عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ دبنگ اور منہ پھٹ کہلانے والے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی سے”سرخ جھنڈی“دکھانے کا اصولی فیصلہ ہو گیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق تحریک انصاف میں عہدیداروں کی تبدیلی کا سلسلہ جاری ہے،بیرسٹر سیف کو صوبائی سیکرٹری اطلاعات خیبرپختونخوا کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے پارٹی صوبائی جنرل سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ ملک عدیل اقبال جبکہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری کے عہدہ کی ذمہ داری ذیشان ایڈووکیٹ کو تفویض کر دی گئی۔اعلامیے کے مطابق ملک عدیل اقبال پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اور ذیشان ایڈووکیٹ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ہونگے۔
واضح رہے چند روز قبل قیادت نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے صوبائی صدارت کا عہدہ لیا تھا جس کی جگہ جنید اکبر کو صدارت کا عہدہ دیا گیا تھا۔دوسری طرف تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو ان کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا،جس کے بعد ان سے بطور رکن قومی اسمبلی استعفیٰ بھی طلب کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کے صوابی جلسے میں کردار پر پارٹی رہنماوں نے بانی پی ٹی آئی سے شکایت کی تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔یاد رہے کہ 8 فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے کے دوران شیر افضل مروت کو سٹیج پر جگہ نہیں ملی تھی اور نہ ہی انہیں تقریر کا موقع دیا گیا تھا۔جس پر انہوں نے اپنے بیان میں شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب میں نے پارٹی جلسوں میں بلائے بغیر شرکت نہ کرنے کافیصلہ کیا ہے،کسی بھی جلسے میں نہیں جاوں گا جب تک قیادت خود نہ بلائے،میں نے تو ہمیشہ پی ٹی آئی کے حق کی بات کی ہے،میں نہیں چاہتا کہ قیادت میری وجہ سے تکلیف محسوس کرے،کچھ لوگ مجھے سٹیج پر تقریر کرتے نہیں دیکھنا چاہتے،صوابی جلسے میں بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ ملی نہ ہی خطاب کا موقع ملا،اگر قیادت میرے آنے پر نا خوش تھی تو پہلے بتا دیتی،میں جلسے میں صرف بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے آیا تھا،میرے جلسے جلوس میں شرکت سے قیادت کو مسئلہ ہو تو بتا دیں۔صوابی جلسے میں شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ میں لفظی گولہ باری بھی ہوئی تھی اور سلمان اکرم راجہ کی تقریر کے دوران شیر افضل مروت نے سٹیج پر مخالف نعرے بھی لگوائے تھے۔