راولپنڈی(بیورو رپورٹ)اڈیالہ جیل کے احاطے میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کے رہنما بیرسٹر شعیب شاہین اور سابق وفاقی وزیر فواد چودری کے درمیان ہاتھا پائی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے،دونوں نے ایک دوسرے پر تھپڑوں اور مکوں کی بوچھاڑ کر دی جبکہ دونوں ہی ایک دوسرے کو ننگی گالیاں بھی دیتے رہے،لڑائی کے دوران شعیب شاہین معمولی زخمی بھی ہوئے،عمران خان نے لڑائی کی بابت واقعہ سنا اَن سنا کر تے ہوئے دونوں کے درمیان صلح کروا دی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر فواد چوہدری اور بیرسٹر شعیب شاہین کے درمیان لڑائی ہو گئی۔ اس موقع پر فواد چوہدری نے بیرسٹر شعیب شاہین کو تھپڑ مار دیا،جس سے وہ زمین پر گر گئے۔لڑائی کے دوران دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کو گالیاں بھی دیں۔فواد چوہدری نے شعیب شاہین سے کہا تم ایجنسیوں کے ٹاوٹ ہو،جس پر شعیب شاہین نے فواد چوہدری سے کہا کہ اپنے کام سے کام رکھو۔لڑائی کے موقع پر موجود جیل عملے نے دونوں کے درمیان بیچ بچاو کرایا اور لڑائی سے چھڑایا۔بعد ازاں فواد چوہدری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے۔تھپڑ لگنے اور نیچے گرنے سے شعیب شاہین کے بازو پر چوٹ آئی۔جھگڑے کے موقع پر پی ٹی آئی کی خاتون وکیل نادیہ خٹک بھی وہاں موجود تھیں،ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو یہ کچھ نہیں کرنا چاہیے تھا،فزیکلی جو انہوں نے کیا بہت برا کیا،فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو مارا اور وہ زمین پر گر گئے جو بھی اختلاف ہوں وہ زبانی کلامی ہونے چاہئیں مگر مارنا نہیں چاہیے،شکر ہے ان کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی وہ زمین سے اٹھے ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے۔بعد ازاں اڈیالہ جیل کے باہر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شعیب شاہین نے بانی پی ٹی آئی کا نام لے کر کہا فواد چودھری بھگوڑا ہے،میں نے بانی پی ٹی آئی سے تصدیق کی تو انہوں نے کہا انہوں نے ایسا نہیں کہا،میں نے شعیب شاہین کو کہا بانی کا نام لے کر ایسی باتیں نہ کیا کریں،عمران خان کے حکم پر ہم دونوں نے صلح کر لی ہے اور معاملہ ختم ہو گیا ہے۔
