لاہور (سٹاف رپورٹر) مرکزی کسان تحریک نے گندم کی امدادی قیمت مقرر نہ کیے جانے کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مرکزی کسان تحریک کے صدر اشفاق ورک نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت کے اعلان میں تاخیر کے باعث کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اس کے خلاف ملک بھر میں جلسے، احتجاج اور پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو گندم کی قیمت میں کمی کی گئی ہے تاہم دوسری طرف کھادوں،بیجوں اور ادویات کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں،جس سے کسانوں کے اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کھادوں،بیجوں اور ادویات کی قیمتوں کو بھی کم کیا جائے تاکہ کسانوں کو مجموعی طور پر ریلیف مل سکے اور ان کی محنت کا صحیح معاوضہ ملے،اسی طرح گندم کی امدادی قیمت کا اعلان فوراً کیا جائے تاکہ کسانوں کی مشکلات کم ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں مختلف مقامات پر احتجاجی جلسے اور پروگرامز منعقد کیے جائیں گے تاکہ کسانوں کی آواز کو بلند کیا جا سکے اور حکومت پر دباو ڈالا جا سکے کہ وہ کسانوں کے حقوق کا خیال رکھے،ان پروگرامز میں کسانوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
