لاہور( سٹاف رپورٹر)مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے لوئر کرم میں امدادی قافلے پر فائرنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرم میں امن کے قیام کے لئے ضروری ہے کہ تمام فریقین معاہدے کی پاسداری کریں تا کہ حالات کو معمول پر لایا جا سکے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ جو لوگ امن وامان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے،کرم میں یہ تیسری بار امدادی قافلے پر حملہ کیا گیا ہے،جس کے نتیجے میں انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں پیش آئی ہیں،حکومت امدادی قافلے کو مکمل تحفظ فراہم کرے اور کرم کے شہریوں تک ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائے،امداد کی فراہمی ہر صورت میں جاری رہنی چاہیے تاکہ کرم کے عوام کو فوری ضروریات کی اشیاء مل سکیں۔خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو ان عناصر کے خلاف عملی طور پر اقدامات کرنا ہوں گے جو ان امدادی قافلوں پر حملہ کر کے عوام کو امداد سے محروم کرنے کی کوشش کرتے ہیں تا کہ کرم کے شہریوں کو ان کی ضروریات کی اشیاء بر وقت اور محفوظ طریقے سے فراہم کی جا سکیں۔
