راولپنڈی(بیورو رپورٹ)حکومت کے لئے امن و امان کا چیلنج سر اٹھانے لگا،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )نے رمضان المبارک کے بعد سڑکوں پر میدان سجانے کا اعلان کر دیا ہے اور اس سلسلہ میں پارٹی رہنماوں کو خصوصی ٹاسک دے دیئے گئے ہیں۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بعد احتجاج کیا جائے گا اور ہم سڑکوں پر ہوں گے،قانونی جنگ کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس انسداد دہشت گردی عدالت(اے ٹی سی)کا آرڈر موجود ہے مگر ہمیں اڈیالہ جیل کے باہر روکا جا رہا ہے،جو نہ صرف توہینِ عدالت بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے،ہمیں روکنا قیدی کے حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے، ہمیں ابھی بتایا گیا ہے کہ آپ یہاں رکیں جبکہ کوئی بھی کام منصوبہ بندی کے بغیر نہیں کیا جا سکتا،اڈیالہ جیل میں جاری ٹرائلز کی لمبی تاریخیں ڈال دی گئی ہیں جبکہ بانی کے تمام مقدمات دو دن پہلے تعینات کیے گئے ججز کو سونپ دیے گئے جو ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ فواد چوہدری اب تحریک انصاف کا حصہ نہیں رہے،شعیب شاہین اور فواد چوہدری کی لڑائی بنیادی انسانی طرز عمل کا معاملہ ہے اس پر ایف آئی آر بھی کٹنی چاہیے جبکہ پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والوں کو نکالنے کا ایک طریقہ موجود ہے جبکہ کچھ اراکین کے جوابات موصول ہو چکے ہیں۔
