پشاور(بیورو رپورٹ)خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز چاہتی ہیں بانی پی ٹی آئی انہیں خط لکھیں مگر ان کی یہ حسرت کبھی پوری نہیں ہو گی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ بانی چیئرمین عوام کے لیڈر ہیں جبکہ مریم نواز فارم 47 کی لیڈر ہیں،مریم نواز بانی چیئرمین کے منصوبوں،بشمول کینسر ہسپتال کی نقل کر رہی ہیں،مریم نواز کی ہر تقریر میں بانی چیئرمین کا ذکر ہوتا ہے،نواز شریف اور مریم نواز حکومت حاصل کرنے کے باوجود دکھی ہیں جبکہ بانی چیئرمین ناحق جیل میں قید ہو کر بھی مسکرا رہے ہیں۔بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود آزاد ہیں جبکہ حکومت میں رہنے والے لوگ بھی صفر ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بانی چیئرمین کی بجائے عوام پر توجہ دیں۔
