لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ون ڈش قوانین کی خلاف ورزی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو واضح اور دوٹوک حکم دے دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں ڈپٹی کمشنرز کو ون ڈش کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ون ڈش پرپابندی کا اطلاق فارم ہاوسز اور پرائیویٹ پراپرٹی میں شادی کی تقریبات پر بھی ہو گا۔انتظامیہ کو متعلقہ علاقوں میں ون ڈش کی پابندی کی کڑی مانیٹرنگ اور ون ڈش کی خلاف ورزی پر جرمانے اور قواعد کے مطابق کارروائی کی بھی ہدایت کر دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ شادیوں میں ون ڈش کی خلاف ورزی سے استطاعت نہ رکھنے والے والدین پرمالی بوجھ پڑتا ہے،شادی کی تقریبات میں ایک سے زیادہ ڈش کے منفی سماجی اثرات سامنے آتے ہیں،انتظامیہ متعلقہ علاقوں میں ون ڈش پر پابندی ہر صورت یقینی بنائے،ون ڈش کی خلاف ورزی سامنے آنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر ذمہ دار سمجھا جائے گا۔
