لاہور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما بیرسٹر سیف کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بارے دیئے گئے بیان پر صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری بھڑک اٹھیں،تحریک انصاف کی لیڈر شپ کے سارے کچے چٹھے کھول دیئے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بیرسٹر سیف کے”نازیبا بیان“پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز سے متعلق ایک جماعت اور اس کے لوگ مسلسل مغلظات بک رہے ہیں،پہلے بانی پی ٹی آئی عمران خان مریم نواز کے بارے میں اخلاقیات سے گری ہوئی گفتگو کرتا تھا،اب یہ کام علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف نے بھی شروع کر دیا ہے،خط بازیاں کرنا آپ کے لیڈر اور آپ لوگوں کی پرانی عادتیں ہیں جو آج تک نہیں بدلیں،بانی پی ٹی آئی کی ٹریننگ پر ہی وزیر اعلیٰ کے پی اور ان کے ترجمان مریم نواز کے بارے میں ایسی گفتگو کرتے ہیں،اُن کی زبان،اُن کی باتوں سے اُن کی خاندانی اقدار اور اُن کی فیملی کی خواتین پر ترس آتا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز ایک سال بعد عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنے والی پہلی وزیر اعلیٰ ہیں،پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کی مہر لگائی ہے،مریم نواز آج پنجاب سمیت پاکستان کے یوتھ کی پسندیدہ لیڈر بن گئی ہیں اور نارووال کے کامیاب جلسے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد اسکا کھلا ثبوت ہے،اڈیالہ کا قیدی اور اس کے چیلے بغض مریم میں ہلکان ہو رہے ہیں،مریم نواز کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت سے دو صوبوں کی حکومتیں پریشان ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مخالفین حسد اور تعصب کی عینک اتاریں اور پنجاب کے اچھے منصوبوں کی تعریف کریں،اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی منصوبوں کی تفصیل چاہیے تو مریم نواز فراہم کریں گی،مریم نواز کو عوام کی خدمت کا درس اپنی والد سے ملا اسی ویژن پر وہ چل رہی ہیں۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا تھاکہ مریم نواز چاہتی ہیں بانی پی ٹی آئی انہیں خط لکھیں، مگر ان کی یہ حسرت کبھی پوری نہیں ہوگی،عمران خان عوام کے لیڈر ہیں جبکہ مریم نواز فارم 47 کی لیڈر ہیں،مریم نواز بانی چیئرمین کے منصوبوں، بشمول کینسر ہسپتال، کی نقل کر رہی ہیں، مریم نواز کی ہر تقریر میں بانی چیئرمین کا ذکر ہوتا ہے، نواز شریف اور مریم نواز حکومت حاصل کرنے کے باوجود دکھی ہیں، جبکہ بانی چیئرمین ناحق جیل میں قید ہو کر بھی مسکرا رہے ہیں، عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود آزاد ہیں جبکہ حکومت میں رہنے والے لوگ بھی صفر ہیں،مریم بی بی عمران خان کی بجائے عوام پر توجہ دیں۔