دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی)کے میگا ایونٹ چیپمئنز ٹرافی میں ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستانی شاینوں کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔242 رنز کا ہدف بھارت نے 43 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا،پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف بڑا سکور کرنے میں ناکام،بابر اعظم اور امام الحق کا بلا ایک بار پھر نہ چل سکا،بھارتی سورماوں سے شکست کے ساتھ ہی دفاعی چیمپئن پاکستان ٹورنا منٹ کا مسلسل دوسرا میچ ہار گیا۔
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم کھیل کے ہر شعبے میں پاکستانی ٹیم پر حاوی رہی جب کہ شاہینوں نے ناقص بیٹنگ کے بعد باولنگ اور فیلڈنگ میں بھی قوم کو مایوس کیا۔پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز بھی پورے نہیں کھیل سکی،پوری قومی ٹیم 2 گیندیں قبل ہی 241 رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ بھارت نے مطلوبہ ہدف 42.3 اوورز میں 4 وکٹوں پر حاصل کیا۔بھارت کی جانب سے شریاس ایئر نے نصف سینچری سکور کی تاہم تمام تر توجہ کا مرکز ویرات کوہلی رہے جنہوں نے نہ صرف اس میچ میں ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے 14 ہزار رنز مکمل کیے بلکہ میچ کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی 51ویں سینچری بھی مکمل کی۔242 رنز کے تعاقب میں پاکستانی باولنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں انتہائی ناقص رہی،قومی فیلڈرز نے دو انتہائی اہم مواقع پر کیچز چھوڑ کر میچ میں کم بیک کرنے کے مواقع گنوائے۔
بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے ٹیم کا جارحانہ آغاز فراہم کیا،روہت 15 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔روہت کے آوٹ ہونے کے باوجود شبمن گل اور ویرات کوہلی نے تیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، 68 رنز کے مجموعی سکور پر حارث روف کی باولنگ پر خوشدل شاہ نے شبمن گل کا کیچ چھوڑا، وہ 35 رنز پر بنا چکے تھے تاہم ابرار احمد نے شبمن گل کو 46 رنز پر بولڈ کر کے ان کی نصف سینچری بھی مکمل نہ ہونے دی،اس دوران ویرات کوہلی نے حارث روف کو چوکا رسید کر کے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے 14 ہزار رنز مکمل کیے۔ویرات کوہلی،سچن ٹنڈولکر اور کمار سنگاکارا کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والے تیسرے بلے باز ہیں،ویرات نے 287 اننگز،سچن ٹنڈولکر نے 350 اور سنگاکارا نے 378 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔پاکستان کی جانب سے 159 رنز کے مجموعی سکور پر شریاس ایئر کو ایک موقع دیا گیا جب وہ 25 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے،اس بار خوشدل شاہ کی باولنگ پر سعود شکیل نے کیچ چھوڑا۔ویرات کوہلی نے شریاس ایئر کے ساتھ ملکر 114 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سینچریاں بھی مکمل کیں،شریاس ایئر 56 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ویرات کوہلی آخری لمحات تک وکٹ پر ڈٹے رہے اور اننگز کی آخری گیند پر خوشدل شاہ کو چوکا رسید کر کے اپنی 51ویں سینچری مکمل کی۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا،میچ کے 9 ویں اوور میں بابر اعظم 23 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔اگلے ہی اوور میں فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے اوپنر امام الحق غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں اکشر پٹیل کی تھرو پر رن آوٹ ہو گئے،وہ 26 گیندوں پر صرف 10 رنز بنا سکے۔دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان محمد رضوان اور سعود شکیل نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے سکور بورڈ کو آگے بڑھایا،محمد رضوان کو 44 رنز پر ایک موقع ملا جب ہرشت رانا نے ہاردک پانڈیا کی گیند پر ان کا کیچ چھوڑا تاہم وہ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر اکشر پٹیل کے ہاتھوں 46 رنز پر بولڈ ہو گئے۔محمد رضوان کی طرح سعود شکیل کو بھی ایک چانس ملا جب اکشر پٹیل کی گیند پر کلدیپ یادو نے ان کا کیچ چھوڑا، تاہم وہ اگلے ہی اوور میں پانڈیا کا شکار بن گئے،سعود 62 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آوٹ ہوئے۔دونوں سیٹ بلے بازوں کے آوٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور یکے بعد دیگر کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے کا سلسلہ جاری رہا،طیب طاہر 4،شاہین آفریدی صفر،سلمان علی آغا 19،نسیم شاہ 14،حارث روف 8 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔خوشدل شاہ نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن جس طرح انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھل کر بیٹنگ کی آج وہ اس طرح سے شارٹس نہ کھیل سکے اور آخری اوور میں 38 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو 3،ہاردک پانڈیا 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب کہ ہرشت رانا،اکشر پٹیل اور رویندرا جڈیجا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
