پی آئی اے کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیر کتنی رقم دی گئی؟تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں تہلکہ خیز انکشاف کیا گیا ہے کہ قومی ائیر لائن( پی آئی اے)کی نجکاری کیلئے مقرر کردہ مالیاتی مشیر کو سوا ارب روپے دیے گئے مگر اس کی نجکاری نہیں ہو سکی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق ستار کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں سیکریٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے قائمہ کمیٹی کو پی آئی اے کی نجکاری پر بریفنگ دی۔انہوں نے آگاہ کیا کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری کے لیے جس مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کی گئی تھیں اسے ایک ارب 20 کروڑ روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے، تاہم پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہو سکی۔سیکریٹری نجکاری کمیشن نے کمیٹی کو بتایا کہ مالیاتی مشیر کو مجموعی طور پر 69 لاکھ ڈالر(ایک ارب 90 کروڑ روپے)ادا کرنے ہیں،اب تک ایک ارب 20 کروڑ روپے کی ادائیگی کی جا چکی ہے،مالیاتی مشیر کو 63 فیصد رقم ادا کی جا چکی ہے، مالیاتی مشیر کو دوسرے مرحلے میں نجکاری کے عمل کی ادائیگی نہیں ہو گی باقی ماندہ رقم نجکاری کا عمل مکمل ہونے پر ادا کی جائے گی،پی آئی اے کی نجکاری کے لیے پچھلی بار لگائی گئی بولی قابل قبول نہیں تھی، پی آئی اے ہولڈ کو کی 26 جائیدادیں ہیں اور پی آئی اے سی ایل کی 5 جائیدادیں ہیں،بلیو ایریا میں واقع اسلام آباد کے پلاٹ کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا،بلیو ایریا کے پلاٹ کی مالیت 10 سے 12 ارب روپے لگائی گئی ہے،سکائپ ہوٹل پیرس اور روز ویلٹ ہوٹل کمرشل پراپرٹیز ہیں یہ دونوں ہوٹلز پی آئی اے ہولڈ کو کی ملکیت ہیں،روز ویلٹ ہوٹل کا موجودہ معاہدہ مئی کے مہینے میں ختم ہو جائے گا،تین ماہ کا نوٹس دیا جائے گا،اس کے بعد یہ کلئیر ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں